کاشتکاروں کے آبپاشی سے متعلقہ مسائل کا حل ہماری ترجیح ہے ،چیف انجینئر ایریگیشن سرگودہا
کاشتکاروں کے آبپاشی سے متعلقہ مسائل کا حل ہماری ترجیح ہے ،چیف انجینئر ایریگیشن سرگودہا

مزید خبریں
سرگودھا۔ 18 اکتوبر (اے پی پی):سرگودھا میں کڑانہ کینال ڈویژن سے تعلق رکھنے والے کاشتکاروں کے وفد نے چیف انجینئر ایریگیشن سرگودھا صداقت لطیف سے ملاقات کی اور انہیں اپنے مسائل اور محکمہ آبپاشی سے متعلق درپیش امور سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر کاشتکاروں نے اپنے تحفظات پیش کرتے ہوئے مسائل کے حل اور آبپاشی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات کے دوران چیف انجینئر ایریگیشن سرگودھا صداقت لطیف نے کاشتکاروں کی گزارشات اور شکایات کو توجہ سے سنا اور یقین دلایا کہ ان کے پیش کردہ مسائل کا جائزہ لیا جائے گا اور قابل حل شکایات کے ازالے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے اس امر کی یقین دہانی کرائی کہ کاشتکاروں کو درپیش جائز مسائل کے حل کے لیے محکمہ آبپاشی کے متعلقہ امور کو قواعد و ضوابط کے مطابق دیکھا جائے گا تاکہ انہیں ممکنہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔کاشتکاروں نے چیف انجینئر ایریگیشن سرگودھا کی جانب سے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ انکی جانب سے پیش کیے گئے مسائل پر عملی پیش رفت ہوگی اور محکمہ آبپاشی کے متعلقہ حکام ان کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گے۔
چیف انجینئر انہار صداقت لطیف نے کہا کہ کاشت کاروں کے آبپاشی سے متعلق مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا رہے ہیں ،ٹیل تک پانی کی فراہمی محکمہ آبپاشی کی اولین ترجیح ہے، زرعی شعبے کی ترقی اور فصلوں کی بہتر پیداوار کے لیے آبپاشی کے نظام کی مؤثر کارکردگی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں اور محکمہ آبپاشی کے حکام کے درمیان رابطے اور باہمی مشاورت سے نہ صرف مسائل کی نشاندہی میں مدد ملتی ہے بلکہ ان کے حل کے لیے بھی بہتر اقدامات کی راہ ہموار ہوتی ہے۔








