بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، نوشکی ،خضدار میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر تین آپریشنز میں 8 دہشتگرد جہنم واصل ، آئی ایس پی آر

بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، نوشکی ،خضدار میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر تین آپریشنز میں 8 دہشتگرد جہنم واصل ، آئی ایس پی آر

راولپنڈی۔18اکتوبر (اے پی پی):سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، نوشکی اور خضدار میں17 اکتوبر 2026 کو انٹیلی جنس کی بنیاد پر تین آپریشنز میں 8 دہشتگرد جہنم واصل کر دیئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کی جانب سے اتوار کو جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ کارروائیاں فتنہ الہند(جو بھارت کا ایک آلہ کار گروہ ہے) سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئیں، جس کے نتیجے میں بھارت کے حمایت یافتہ 8 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔17 اکتوبر 2026 کو ضلع کوئٹہ کے علاقے پنجپائی میں دہشت گردوں نے مقامی ٹریفک کو روکنے کے لیے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی، جسے سکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا اور بھارت کے حمایت یافتہ 5 دہشت گرد ہلاک کر دیئے۔

مزید برآں ضلع نوشکی میں علاقے کو کلیئر کرانے کی کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کا سراغ لگایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلہ کے بعد بھارت کے حمایت یافتہ 2 دہشت گرد جہنم واصل کر دیئے گئے اور اس دوران دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔اسی طرح ضلع خضدار میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی گئی ایک اور کارروائی میں سکیورٹی فورسز نے فوری اور جارحانہ اقدام کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں بھارت کا حمایت یافتہ ایک دہشت گرد ہلاک ہوا۔

اس کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں (490 کلوگرام)دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے بھارت نواز دہشت گرد کے خاتمے کے لیے ’سینیٹائزیشن‘ (تلاشی اور صفائی) کی کارروائیاں جاری ہیں۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ’عزمِ استحکام‘ (جسے نیشنل ایکشن پلان پر وفاقی ایپکس کمیٹی نے منظور کیا ہے) کے وژن کے تحت دہشت گردی کے خلاف جاری مہم پوری شدت سے جاری رہے گی، تاکہ ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے ختم کیا جا سکے۔