اے آئی جیو نیویگیٹرز کا آزاد جموں و کشمیر میں نیا علاقائی دفتر، جامعہ آزاد جموں و کشمیر کے ساتھ معاہدہ پر دستخط
اے آئی جیو نیویگیٹرز کا آزاد جموں و کشمیر میں نیا علاقائی دفتر، جامعہ آزاد جموں و کشمیر کے ساتھ معاہدہ پر دستخط

مزید خبریں
اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):اے آئی جیو نیویگیٹرز نے جامعہ آزاد جموں و کشمیر کے انسٹی ٹیوٹ آف جیالوجی، مظفرآباد میں اپنے علاقائی دفتر کا باضابطہ افتتاح کردیا۔ اس موقع پر مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے، جس کا مقصد تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہے۔ یہ اقدام خطے میں جغرافیائی ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت پر مبنی ارضیاتی تحقیق اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
اے آئی جیو نیویگیٹرز کے اعلامیہ کے مطابق مفاہمتی یادداشت پراے آئی جیو نیویگیٹرز کے سی ای او عاصم جاوید اور ایسوسی ایٹ پروفیسر و ڈائریکٹر او آر آئی سی جامعہ آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر ریحانہ کوثر نے اپنے اپنے اداروں کی نمائندگی کرتے ہوئے دستخط کیے۔ تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر ناصر جمال خٹک وائس چانسلر جامعہ آزاد جموں و کشمیر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے حکومت، تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان تعاون کی اہمیت پر زور دیا، تاکہ جدید ٹیکنالوجی اور تحقیق کو عملی مسائل کے حل کے لیے استعمال کیا جا سکے۔ انہوں نے اس تعاون کے لیے جامعہ کی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔
اس معاہدے کا مقصد تدریسی معاونت، مہمان لیکچرز، تربیتی ورکشاپس اور مشترکہ تحقیق کے ذریعے طلبہ کی تعلیمی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔ اس کے تحت انڈرگریجویٹ اور گریجویٹ طلبہ کے لیے انٹرن شپ اور تعلیم مکمل کرنے کے بعد روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر بھی کام کیا جائے گا۔ اس تعاون کے ذریعے طلبہ کو عملی تجربہ حاصل کرنے اور اپنی تعلیمی قابلیت کو پیشہ ورانہ مہارتوں میں تبدیل کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔نیا علاقائی دفتر مصنوعی ذہانت پر مبنی ارضیاتی تحقیق اور اس کے عملی استعمال کو فروغ دے گا، خصوصاً لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات کا جائزہ لینے، جدید GIS نقشہ سازی، انجینئرنگ جیالوجی اور جیو ٹیکنیکل تحقیقات جیسے شعبوں میں، مقامی تحقیقی مہارت کو جدید جغرافیائی ٹیکنالوجی سے منسلک کرکے اس اقدام کا مقصد قدرتی آفات کے خطرات میں کمی، ماحولیاتی جائزے، زمین کے استعمال کی منصوبہ بندی اور آزاد جموں و کشمیر میں پائیدار ترقی کی کوششوں میں معاونت فراہم کرنا ہے۔
تقریب میں مختلف سرکاری محکموں، تعلیمی اداروں، ترقیاتی تنظیموں اور نجی شعبے کے نمائندوں نے شرکت کی۔ نمایاں شرکا میں شفیق عباسی، ڈائریکٹر ای پی اے آزاد کشمیر چوہدری محمد فرید، سیکریٹری محکمہ جنگلات، وائلڈ لائف و فشریز ڈاکٹر ظفر، ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر جہانزیب خان، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر یاسر سرفراز، لیکچررافتخار احمد، محکمہ جنگلات اور دیگر سرکاری محکموں، تعلیمی اداروں، ترقیاتی تنظیموں اور نجی شعبے کے نمائندگان شامل تھے۔
اے آئی جیو نیویگیٹرز مصنوعی ذہانت، مشین لرننگ، ریموٹ سینسنگ اور جغرافیائی معلوماتی نظام کو یکجا کرکے موسمیاتی خطرات کے جائزے، قدرتی آفات سے تحفظ، ماحولیاتی نگرانی اور پائیدار ترقی کے لیے ڈیٹا پر مبنی حل فراہم کرتا ہے۔ جامعہ آزاد جموں و کشمیر میں علاقائی دفتر کا قیام مقامی محققین اور تعلیمی اداروں کے ساتھ تعاون کو وسعت دینے، مشترکہ تحقیق کو فروغ دینے اور خطے کی ضروریات کے مطابق ٹیکنالوجی پر مبنی حل تیار کرنے کے نئے مواقع فراہم کرے گا۔اے آئی جیو نیویگیٹرز، جامعہ آزاد جموں و کشمیر کی قیادت، انسٹی ٹیوٹ آف جیالوجی اور اس تعاون میں شریک تمام اداروں اور تنظیموں کا ان کی حمایت پر شکریہ ادا کرتا ہے۔








