فالکن ،فاختہ،بٹیر،خرگوش اور سورکے غیر قانونی شکاراور قبضہ میں ملوث 20 ملزمان گرفتار،ترجمان محکمہ جنگلی حیات
فالکن ،فاختہ،بٹیر،خرگوش اور سورکے غیر قانونی شکاراور قبضہ میں ملوث 20 ملزمان گرفتار،ترجمان محکمہ جنگلی حیات

مزید خبریں
لاہور۔18اکتوبر (اے پی پی):سینئر وزیر مریم اورنگ زیب کی زیرِ قیادت محکمہ کا صوبہ میں جنگلی حیات کے غیر قانونی شکار کی روک تھام کیلئے بڑے پیمانے پر کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے،فالکن ،فاختہ،بٹیر،خرگوش اور سورکے غیر قانونی شکاراور قبضہ میں ملوث 20 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔اتوار کو ترجمان کے مطابق ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر لاہور ریجن سخی محمد جوئیہ کی سربراہی میں وائلڈ لائف رینجر لاہور نے فیصل ٹائون لاہور سے ایک ملزم سے غیر قانونی قبضے میں رکھا گیا بندر برآمد کر کے جلو پارک منتقل کرکے ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کروادی،
وائلڈ لائف رینجر قصور نے جنگلی پرندوں کی نیٹنگ میں ملوث ایک شکاری گرفتار کر کے اس سے 20 ہزار جرمانہ کیا۔ ترجمان کے مطا بق ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر عاصم بشیر چیمہ کی سربراہی میں وائلڈ لائف رینجرز نے گزشتہ دو تین دن کی مسلسل نگرانی کے بعد فالکن کی غیر قانونی نیٹنگ میں مصروف چار شکاریوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے تین کیسٹرل ،11 کبوتر،17 جال پدام و دوگزے ،ایک گیس سلنڈر،4 سیل فون اور ایک موٹر سائیکل برآمد کر کے ملزمان اور اعانت جرم میں شریک ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کی کاروائی شروع کردی۔
اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر گوجرانوالہ ایمان تبسم نے جنگلی خرگوش کے 3 غیر قانونی شکاریوں کو گرفتار کر کے 1 لاکھ 55 ہزار جرمانہ کیا۔اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر راولپنڈی رانا محمد اشفاق نے فاختہ کا غیر قانونی شکار کرنے پر 3 ملزمان کو 1 لاکھ پچاس ہزار جرمانہ کیا۔اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر ملتان اسد ساجد نے بٹیر اور فالکن کے دو نیٹنگ گئیر،دو کبوتر اور ایک دوگزہ ضبط کر کے 1 ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کروادی۔
اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر چکوال مرزا عابد نے فاختہ کے 3 غیر قانونی شکاریوں کو 1 لاکھ 50 ہزار جرمانہ کیا،بٹیر کے اک شکاری کو گرفتار کر کے ایف آئی آر درج کروا کر عدالت میں پیش کیا گیا،عدالت نے ملزم کو 1 سال کے لیے پروبیشن کا حکم صادر فرمایا۔اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر جہلم ارشد ناز نے جنگلی سور کے 3 غیر قانونی شکاری گرفتار کر کے 1 لاکھ 55 ہزار جرمانہ کیا۔اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر پاکپتن اور اوکاڑہ نے بٹیر کے دو نیٹنگ گئیر ضبط کئے اور ایک ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ۔








