چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سانحۂ کارساز کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سانحۂ کارساز کی وہ دلخراش رات آج بھی میری آنکھوں کے سامنے ہے، میں خود اس ٹرک پر موجود تھا، شہداء میں کچھ ایسے افراد کی میتیں بھی شامل تھیں جن کی شناخت اُس وقت معلوم نہ ہو سکی، اس المناک سانحے نے جمہوریت کے لیے دی جانے والی قربانیوں …
سانحۂ کارساز کے شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ،یوسف رضا گیلانی

مزید خبریں
اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سانحۂ کارساز کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سانحۂ کارساز کی وہ دلخراش رات آج بھی میری آنکھوں کے سامنے ہے، میں خود اس ٹرک پر موجود تھا، شہداء میں کچھ ایسے افراد کی میتیں بھی شامل تھیں جن کی شناخت اُس وقت معلوم نہ ہو سکی، اس المناک سانحے نے جمہوریت کے لیے دی جانے والی قربانیوں کی ایک دردناک تاریخ رقم کی، شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، انہیں سلامِ عقیدت۔
سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں چیئرمین سینیٹ نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور جمہوریت کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سانحۂ کارساز پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک المناک واقعہ ہے، جس نے جمہوریت سے وابستگی، سیاسی استقامت اور قومی عزم کی ایسی داستان رقم کی جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ شہداء کا لہو پاکستان میں جمہوری اقدار کے استحکام کی جدوجہد کا روشن باب ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے مشکلات، دھمکیوں اور سنگین خطرات کے باوجود پاکستان واپسی کا فیصلہ کرکے عوام کے ساتھ اپنے غیر متزلزل تعلق اور جمہوری جدوجہد سے اپنی وابستگی کا ثبوت دیا۔
سانحۂ کارساز کے دوران قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع پوری قوم کے لیے ایک گہرا صدمہ تھا تاہم اس سانحے کے باوجود جمہوریت کے لیے جدوجہد کا عزم کمزور نہ پڑا۔انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ اس حقیقت کی یاد دہانی ہے کہ جمہوری حقوق، عوامی خودمختاری اور سیاسی آزادیوں کا تحفظ بڑی قربانیوں اور ثابت قدمی کا تقاضا کرتا ہے۔ سانحۂ کارساز کے شہداء کی قربانیاں پاکستان میں جمہوری نظام کے تسلسل اور آئین کی بالادستی کے لیے ہماری ذمہ داریوں کو مزید اجاگر کرتی ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سیاسی بصیرت، جرأت اور عوامی خدمت کا جذبہ آج بھی جمہوری قوتوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ان کی جدوجہد ہمیں یہ پیغام دیتی ہے کہ قومی ترقی، سیاسی استحکام اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اختلافات سے بالاتر ہو کر جمہوری اقدار کو مضبوط بنانا ناگزیر ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان میں جمہوریت کے استحکام، پارلیمان کی بالادستی، آئین کی پاسداری اور عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف قومی جدوجہد میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی قربانیاں ہماری اجتماعی ذمہ داری کو یاد دلاتی ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ شہداء کی یاد کو حقیقی خراجِ عقیدت یہی ہے کہ ملک میں امن، برداشت، رواداری اور جمہوری روایات کو فروغ دیا جائے اور ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے متحد ہو کر کام کیا جائے۔








