خیبرپختونخوا کے عوام نے انتشاری ٹولے کو مسترد کر دیا ہے،صوبہ کے عوام امن اور ترقی کے ساتھ ہیں،انجنیئر امیر مقام

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے انتشاری ٹولے کو مسترد کر دیا ہے، صوبے کے عوام نے ثابت کر دیا کہ وہ امن اور ترقی کے ساتھ ہیں، صوبے کی بہتری اور امن لانے کےلیے ایمرجنسی کا نفاذ کیا گیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو …

سوات۔ 18 اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے انتشاری ٹولے کو مسترد کر دیا ہے، صوبے کے عوام نے ثابت کر دیا کہ وہ امن اور ترقی کے ساتھ ہیں، صوبے کی بہتری اور امن لانے کےلیے ایمرجنسی کا نفاذ کیا گیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو سوات مینگورہ میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انجینئر امیر مقام کی قیادت میں مینگورہ کے نشاط چوک میں عظیم الشان عوامی جلسے کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں لیگی کارکنوں اور شہریوں نے شرکت کی۔

جلسہ خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی 14 سالہ حکمرانی کے خاتمے کی خوشی میں ’’یومِ تشکر‘‘ کے طور پر منعقد کیا گیا۔ جلسے میں شریک عوام اور کارکنوں نے انجینئر امیر مقام، قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر و پاک فوج کے حق میں پرجوش نعرے لگائے، جبکہ امن، ملکی سلامتی اور استحکام کے حق میں بھی آوازیں بلند کیں جبکہ سابقہ پی ٹی آئی حکومت کی مبینہ ناقص کارکردگی اور 14 سالہ دورِ اقتدار کے خلاف بھی شدید نعرے بازی کی گئی۔ شرکاء نے صوبے کو درپیش مسائل اور عوامی مشکلات پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سابقہ حکومت کے طرزِ حکمرانی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

اس موقع پر ’’پی ٹی آئی کی 14 سالہ مبینہ ناکام حکمرانی نامنظور‘‘، ’’عوامی مسائل کا حساب دو‘‘، ’’خیبر پختونخوا کو امن، ترقی اور خوشحالی دو‘‘ اور ’’نااہل حکومت نامنظور‘‘ جیسے نعروں کے ذریعے اپنے سیاسی مؤقف کا اظہار کیا گیا۔ جلسے میں شرکاء نے صوبے میں امن، ترقی، روزگار اور عوامی فلاح و بہبود کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔انجینئر امیر مقام کی قیادت میں منعقدہ اس عوامی اجتماع میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے بھرپور جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا۔ شرکاء نے قیادت کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ صوبے میں سیاسی استحکام، امن اور ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ شرکاء نے پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور پائیدار امن کے لیے یکجہتی کا پیغام دیا۔ مینگورہ میں منعقدہ اس جلسے نے سوات میں مسلم لیگ (ن) کی سیاسی سرگرمیوں کو نمایاں کیا۔ ہزاروں افراد کی شرکت، قیادت کے حق میں پرجوش نعروں اور سابقہ پی ٹی آئی حکومت کے خلاف احتجاجی آوازوں نے اجتماع کو ایک بھرپور سیاسی منظرنامے میں تبدیل کر دیا۔

جلسے کے ذریعے مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے اپنی قیادت کے ساتھ وابستگی اور خیبر پختونخوا کے روشن، پُرامن اور خوشحال مستقبل کے لیے اپنی امیدوں کا اظہار کیا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ صوبے کے وزیراعلی کہتے تھے کہ وہ ترقی کےلیے نہیں آئے بلکہ خان کو رہا کرنے اور لوٹ مار کےلیے آئے ہیں،صوبے کو تین ماہ تک لاوارث چھوڑ دیا گیا تھا اور یہاں پر ہم روزانہ کی بنیاد پر لاشیں اٹھاتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے انتشاری ٹولے کو مسترد کر دیا ہے، صوبے کے عوام نے ثابت کر دیا کہ وہ امن اور ترقی کے ساتھ ہیں، صوبے کی بہتری اور امن لانے کےلیے ایمرجنسی کا نفاذ کیا گیا۔

صوبے کے عوام وفاقی حکومت کے اقدامات کا خیرمقدم کر رہے ہیں، پورے خیبر پختونخوا کے عوام نے ان نالائقوں سے نجات پر جشن منایا ہے۔ ان لوگوں نے خیبر پختونخوا کو کھنڈرات میں بدل دیا ہے۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ صوبے میں پائیدار امن اور ترقی کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا، صوبے میں امن کا قیام، دہشت گردی کا خاتمہ اور ترقی اولین ترجیحات ہیں،خیبر پختونخوا کے عوام،پاک فوج، پولیس، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کے خلاف بے شمار قربانیاں دی ہیں، صوبے کے عوام اور سکیورٹی ادارے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک صفحے پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے، پاک فوج، پولیس، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہیں تمام ضروری وسائل اور سہولیات فراہم کی جائیں، توڑ پھوڑ اور سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ وسائل کو عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بروئے کار لائیں گے، خواتین اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کئے جائیں گے، نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے بھی کوششیں کی جائیں گی، صوبے کو مایوسی اور بدامنی کے اندھیروں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ضروری ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کے دیرینہ مسائل، خواہ ان کا تعلق تعلیم، صحت یا شہروں میں معیارِ زندگی سے ہو، ان پر خصوصی توجہ دی جائے گی کیونکہ ان تمام امور کا براہِ راست تعلق عوامی کی سیکورٹی اور پائیدار امن کے ساتھ ہے، اگر چہ، یہ پہلو ماضی میں نظر انداز ہوتا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کا قیام تمام ریاستی اداروں کا مشترکہ مقصد اور اولین ترجیح ہے، جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، خیبر پختونخوا کے عوام کا معیارِ زندگی بلند کرنے، سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور پسماندہ و متاثرہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے خصوصی توجہ دی جائے گی۔ صوبے میں امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) سوات کے رہنما واجد علی خان، محمد علی شاہ، قوی خان، سردار خان، ارشاد علی خان, عمران خان اور عبدالرحیم خان بھی موجود تھے۔

 

مزید خبریں