ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے سینیٹرزمحمدعبدالقادر اور دلاورخان کی ملاقات

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سےسینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار کےچیئرمین سینیٹر محمد عبدالقادر اور قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے چیئرمین سینیٹر دلاور خان نے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، قومی و علاقائی امور اور بلوچستان سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سےسینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار کےچیئرمین سینیٹر محمد عبدالقادر اور قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے چیئرمین سینیٹر دلاور خان نے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، قومی و علاقائی امور اور بلوچستان سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اتوار کوسینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران قومی معاملات پرمشاورت، پارلیمانی روابط کے فروغ، عوامی مسائل کے حل اور ملک کی ترقی سے متعلق مختلف پہلوؤں پر گفتگو ہوئی۔

انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ قومی اور علاقائی مسائل کے حل کے لیے بامقصد مکالمہ، باہمی تعاون اور جمہوری اداروں کے ذریعےمشاورت اہمیت کی حامل ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سےملاقات کرنے والوں میں سینیٹر ندیم بھٹو بھی شامل تھے ،انہوں نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے ساتھ موجودہ ملکی حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا کہ پارلیمان عوامی امنگوں کی ترجمان اور قومی معاملات پر مشاورت کا ایک اہم فورم ہے۔ پارلیمانی کمیٹیاں متعلقہ شعبوں کے مسائل کا جائزہ لینے، سفارشات مرتب کرنے اور حکومتی اقدامات کی نگرانی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے کوئٹہ کے سابق ڈپٹی میئر یونس خان نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر بلوچستان کی مجموعی صورتحال، مقامی سطح پر عوام کو درپیش مسائل، ترقیاتی ضروریات اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سیدال خان ناصر نے بلوچستان کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، ترقیاتی مواقع میں اضافہ اور مقامی سطح پر مسائل کی مؤثر نشاندہی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندوں، سیاسی رہنماؤں اور مقامی شخصیات کے ساتھ رابطے عوامی ضروریات کو سمجھنے اور ان کے حل کے لیے مؤثر تجاویز مرتب کرنے میں مدد دیتے ہیں۔

سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس نور الامین مینگل نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے ساتھ ملاقات میں انہیں ہاؤسنگ کے شعبے کے مختلف منصوبوں کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا۔سیدال خان ناصر نے نے کہا کہ ان منصوبوں کی جلد تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے دانشوروں، محققین اور تاجر برادری سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں علمی و تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ، پالیسی سازی میں تحقیق کے کردار، کاروباری شعبے کو درپیش مسائل اور معاشی ترقی کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے دانشوروں اور محققین کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ تحقیق، علم اور فکری مکالمہ بہتر پالیسی سازی اور معاشرتی ترقی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے تاجر برادری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں کا فروغ، سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول اور معاشی مواقع کی فراہمی قومی ترقی کے اہم تقاضے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے ساتھ رابطے جمہوری عمل کا اہم حصہ ہیں۔ ایسے روابط سے عوامی مسائل کو بہتر طور پر سمجھنے، قابلِ عمل تجاویز حاصل کرنے اور قومی ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں کو آگے بڑھانے میں مدد ملتی ہے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی و علاقائی امور، عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی ترجیحات کے حوالے سے مشاورت اور رابطوں کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے تاکہ عوامی مسائل کے حل اور قومی ترقی کے مقاصد کے حصول کے لیے مشترکہ کاوشوں کو فروغ دیا جا سکے۔اس موقع پر ڈاکٹر دلاور حسین نے ایوان بالا اور علاقائی نمائیندگی پر کی گئی تحقیق کے بارے میں اگاہ کیا اور انہیں اپنی کتاب بھی پیش کی۔

 

مزید خبریں