جاپان اور امریکا کے درمیان بڑے پیمانے پر مشترکہ فوجی مشقیں شروع ہو گئیں،جو 29 اکتوبر تک جاری رہیں گی۔ روسی خبر رساں ادارے تاس نے جاپان کی کیوڈو نیوز ایجنسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’’کین سو رڈ‘‘ (Keen Sword) نامی مشترکہ فوجی مشقوں کا دائرہ تائیوان کے قریب سمندری حدود سے لے کر جاپان کے شمالی جزیرے ہوکائیڈو تک پھیلا ہوا ہے۔ ان مشقوں میں جاپان کے …
جاپان اور امریکا کی مشترکہ فوجی مشقیں شروع

مزید خبریں
ٹوکیو۔19اکتوبر (اے پی پی):جاپان اور امریکا کے درمیان بڑے پیمانے پر مشترکہ فوجی مشقیں شروع ہو گئیں،جو 29 اکتوبر تک جاری رہیں گی۔ روسی خبر رساں ادارے تاس نے جاپان کی کیوڈو نیوز ایجنسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’’کین سو رڈ‘‘ (Keen Sword) نامی مشترکہ فوجی مشقوں کا دائرہ تائیوان کے قریب سمندری حدود سے لے کر جاپان کے شمالی جزیرے ہوکائیڈو تک پھیلا ہوا ہے۔ ان مشقوں میں جاپان کے تقریباً 45 ہزار فوجی اور امریکا کے 12 ہزار فوجی حصہ لے رہے ہیں۔
آسٹریلیا، جرمنی اور فرانس سمیت 7 ممالک کے فوجی اہلکاروں کی بھی فوجی مشقوں میں شرکت متوقع ہے۔ مشقوں کے دوران جاپان پہلی مرتبہ اپنے نئے ٹائپ 25 موبائل میزائلوں کو صوبہ کوماموتو میں واقع ان کے اڈے سے باہر تعینات کرے گا۔ ان میزائلوں کی مار کرنے کی صلاحیت تقریباً ایک ہزار کلومیٹر ہے۔ دونوں ممالک کی افواج ان ہتھیاروں کی رہنمائی اور تعیناتی میں باہمی رابطے کی مشق کریں گی، تاہم میزائل داغنے کا کوئی عملی مظاہرہ نہیں کیا جائے گا۔ امریکی فوج بھی پہلی مرتبہ اپنے نیوی میرین ایکسپیڈیشنری شپ انٹرڈکشن سسٹم (NMESIS) اور میرین ایئر ڈیفنس انٹیگریٹڈ سسٹم (MADIS) کو جاپان کے جزیرے یوناغونی پر تعینات کرے گی۔ یہ نظام ڈرونز اور دیگر کم بلندی پر پرواز کرنے والے اہداف کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔
جزیرہ ہوکائیڈو میں بیلسٹک میزائلوں اور فضائی حملوں کو ناکام بنانے کی تربیت دی جائے گی۔ جاپان کے مختلف علاقوں میں سمندر کے راستے فوجی دستے اتارنے اور پیراشوٹ کے ذریعے اہلکاروں کو زمین پر اتارنے کی مشقیں بھی ہوں گی۔ اس کے علاوہ زخمی فوجی اہلکاروں کے انخلا کے لیے باہمی رابطے کی مشق کی جائے گی۔ شرکت کرنے والی افواج خلا اور سائبر سپیس میں ہونے والے حملوں کے جواب میں کارروائیوں کی بھی مشق کریں گی۔ کین سو رڈ فوجی مشقیں ہر دو سال بعد منعقد کی جاتی ہیں اور ان کا باری باری انعقاد امریکا اور جاپان کی مشترکہ کمانڈ پوسٹ مشقوں ’’کین ایج‘‘ (Keen Edge) کے ساتھ ہوتا ہے ۔







