پاکستان کا 2027 میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک بورڈز کی سربراہی سنبھالنا معاشی سفارتکاری کی بڑی کامیابی ہے،عاطف اکرام شیخ

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ اندسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کا 2027 میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک بورڈز کی سربراہی سنبھالنا معاشی سفارتکاری کی بڑی کامیابی ہے۔ ایف پی سی سی آئی کی جانب سے جاری بیان میں عاطف اکرام شیخ نے وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ کو دونوں اداروں کے بورڈز آف گورنرز …

اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ اندسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کا 2027 میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک بورڈز کی سربراہی سنبھالنا معاشی سفارتکاری کی بڑی کامیابی ہے۔ ایف پی سی سی آئی کی جانب سے جاری بیان میں عاطف اکرام شیخ نے وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ کو دونوں اداروں کے بورڈز آف گورنرز کے چیئرمین کیلئے نامزدگی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عالمی مالیاتی اداروں میں پاکستان کا اہم کردار ملکی معیشت کے لیے نئے مواقع پیدا کر سکتا ہے۔

عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک میں ملنے والی ذمہ داری کو سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے استعمال کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو عالمی مالیاتی اداروں میں اپنی نمائندگی کو معاشی مفادات کے تحفظ کے لیے مؤثر بنانا ہو گا۔ عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ 2027 میں اہم عالمی مالیاتی اداروں کی قیادت پاکستان کے لیے معاشی سفارتکاری کا سنہری موقع ہے، پاکستان کو عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے اور نئی سرمایہ کاری لانے کے لیے اس موقع سے فائدہ اٹھانا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے فورمز پر پاکستان کی آواز مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے، پاکستان کو عالمی اداروں میں اپنی اہمیت کو برآمدات، سرمایہ کاری اور معاشی تعاون بڑھانے کے لیے استعمال کرنا چاہیے۔ عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ معاشی سفارتکاری کو تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ سے جوڑ کر پاکستان کے لیے نئے اقتصادی مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو 2027 کی ذمہ داری کو محض اعزاز نہیں بلکہ معاشی ترقی، برآمدات اور سرمایہ کاری کے فروغ کا ذریعہ بنانا ہو گا۔

 

مزید خبریں