وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی بصیرت افروز قیادت میں حکومت پاکستان بچیوں کی تعلیم کے فروغ، سکولوں سے باہر بچوں کی تعلیمی اداروں میں واپسی اور معیاری تعلیم تک مساوی رسائی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ خوراک (ورلڈ فوڈ پروگرام) کے اعلیٰ …
حکومت بچیوں کی تعلیم کے فروغ، سکولوں سے باہر بچوں کی تعلیمی اداروں میں واپسی اور معیاری تعلیم تک مساوی رسائی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، وجیہہ قمر

مزید خبریں
اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی بصیرت افروز قیادت میں حکومت پاکستان بچیوں کی تعلیم کے فروغ، سکولوں سے باہر بچوں کی تعلیمی اداروں میں واپسی اور معیاری تعلیم تک مساوی رسائی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ خوراک (ورلڈ فوڈ پروگرام) کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کے دوران کیا جس نے وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت میں ان سے ملاقات کی۔
وفد میں ڈبلیو ایف پی ہیڈکوارٹرز روم کی چیف آف پروگرام آپریشنز (جی پی آئی) احمرین کریم، ڈبلیو ایف پی پاکستان کی کنٹری ڈائریکٹر انیتا ہرش، سینئر پروگرام پالیسی آفیسر کویتا برہم بھٹ اور ڈبلیو ایف پی پاکستان کی پارٹنرشپس آفیسر روبینہ ذوالقرنین شامل تھیں۔ ملاقات میں پاکستان میں بچیوں کی تعلیم کے فروغ، صنفی مساوات، جامع تعلیمی پالیسیوں، سکولوں میں غذائی پروگراموں اور تعلیمی اداروں میں بچوں کے داخلوں اور حاضری کی شرح بہتر بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر مملکت وجیہہ قمر نے کہا کہ بچیوں کی تعلیم محض ایک تعلیمی ترجیح نہیں بلکہ پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی، خواتین کو بااختیار بنانے اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے تعلیمی ایمرجنسی وژن کے تحت بالخصوص پسماندہ اور دوردراز علاقوں میں بچیوں کو تعلیمی مواقع فراہم کرنے اور سکولوں سے باہر بچوں کو دوبارہ تعلیمی نظام کا حصہ بنانے کے لیے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وجیہہ قمر نے سکولوں میں غذائی پروگراموں کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات نہ صرف بچوں کی غذائی ضروریات پوری کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں بلکہ سکولوں میں داخلوں، باقاعدہ حاضری اور تعلیم جاری رکھنے کی شرح میں اضافے کا بھی موثر ذریعہ ہیں۔
ملاقات کے دوران پاکستان کے قومی و بین الاقوامی تعلیمی اہداف، صوبائی سطح پر تعلیمی پیش رفت، بچیوں کی تعلیم میں حائل رکاوٹوں اور سکول میلز پروگرام میں صنفی مساوات کے اصولوں کو مزید موثر انداز میں شامل کرنے پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیر مملکت نے پاکستان میں تعلیم اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں ورلڈ فوڈ پروگرام کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔ دونوں جانب سے بچیوں کی تعلیم، تعلیمی شمولیت اور سکولوں میں غذائی پروگراموں کے فروغ کے لیے باہمی تعاون، ادارہ جاتی روابط اور مشترکہ حکمت عملی کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔







