پاکستان میں انسانی وسائل کی ترقی پر سرمایہ کاری ناگزیر ہے، ایشیائی ترقیاتی بینک

ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہاہے کہ پاکستان بے پناہ ترقیاتی امکانات کا حامل ملک ہے اور تزویراتی محل وقوع، وافر قدرتی وسائل اور نوجوان آبادی میں مسلسل اضافہ سے پیداہونے والے امکانات کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے ملک میں انسانی وسائل پر سرمایہ کاری ناگزیر ہے۔یہ بات پاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹرایمافن نے ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری ہونے والی خصوصی ویڈیومیں کہی۔

اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہاہے کہ پاکستان بے پناہ ترقیاتی امکانات کا حامل ملک ہے اور تزویراتی محل وقوع، وافر قدرتی وسائل اور نوجوان آبادی میں مسلسل اضافہ سے پیداہونے والے امکانات کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے ملک میں انسانی وسائل پر سرمایہ کاری ناگزیر ہے۔یہ بات پاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹرایمافن نے ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری ہونے والی خصوصی ویڈیومیں کہی۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی 25 کروڑ آبادی میں تقریبا دو تہائی افراد کی عمر 30 سال سے کم ہے، اس لیے نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنا ملک کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے نوجوان تبدیلی اور ترقی کی ایک متحرک قوت ہیں، اس آبادیاتی برتری کو حقیقی معاشی ثمرات میں تبدیل کرنے کے لیے پاکستان کو پائیدار اقتصادی ترقی حاصل کرنا ہوگی، نوجوانوں کے لیے ایسے مواقع پیدا کرنے میں مدد فراہم کرنا پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان طویل مدتی شراکت داری کا بنیادی مقصد رہا ہے۔

ایمافن نے کہاکہ پائیدار ترقی کا ہدف نجی شعبے کو اقتصادی ترقی کے محرک کے طور پر بروئے کار لائے بغیر حاصل نہیں کیا جا سکتا، اس لیے نجی شعبے کو ترقی کے قابل بنانا، کاروباری عمل کو آسان بنانا اور توانائی کی لاگت میں کمی کے ساتھ اس کی قابل اعتماد فراہمی کو یقینی بنانا بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ سیکرٹری اقتصادی امورحمیرکریم نے بتایا کہ اے ڈی بی کی معاونت سے پاکستان میں لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے، اداروں کو مضبوط کرنے اور ڈھانچہ جاتی نوعیت کے مسائل سے نمٹنے میں مدد ملی ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ دیرپا شراکت داری پاکستان کے عوام کے لیے ایک خوشحال، جامع اور ہر قسم کے بحران کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھنے والے مستقبل کی تعمیر کے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتی ہے۔پاکستان کے ساتھ اے ڈی بی کی شراکت داری باہمی اعتماد، علم اور تجربے پر مبنی ہے۔

پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان چھ دہائیوں پر محیط قابل ذکر شراکت داری سے پائیدار ترقی اور اقتصادی نمو کے فروغ کے مشترکہ عزم کی عکاسی ہورہی ہے۔ ویڈیومیں بتایاگیاہے کہ اے ڈی بی پالیسی سازی کے شعبے میں مہارت اور سرمایہ کاری کی صلاحیت کو یکجا کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ ایک واضح مقصد کے لیے کام کر رہا ہے اور وہ مقصد جامع اقتصادی ترقی اور مشترکہ خوشحالی کے ذریعے غربت میں کمی لانا ہے۔ اے ڈی بی اور پاکستان مل کر ترقی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے میں معاونت کر رہے ہیں تاکہ اس کے ثمرات صرف آج کی معیشت تک محدود نہ رہیں بلکہ آنے والی نسلوں تک بھی پہنچیں۔

 

مزید خبریں