آسٹریلیا کے میڈیا ریگولیٹر نے نئے ضوابط سے متعلق ابتدائی صنعتی رہنما ہدایات جاری کر دیں، جن کے تحت یکم جنوری 2027 سے جوئے کے اشتہارات میں مشہور شخصیات، پروفیشنل کھلاڑیوں اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے کام کرنے پر پابندی عائد کی جائے گی
آسٹریلیا ، مشہور شخصیات اور کھلاڑیوں پر جوئے کے اشتہارات میں کام کرنے پر پابندی عائد کرنے کا اعلان

مزید خبریں
کینبرا۔19اکتوبر (اے پی پی):آسٹریلیا کے میڈیا ریگولیٹر نے نئے ضوابط سے متعلق ابتدائی صنعتی رہنما ہدایات جاری کر دیں، جن کے تحت یکم جنوری 2027 سے جوئے کے اشتہارات میں مشہور شخصیات، پروفیشنل کھلاڑیوں اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے کام کرنے پر پابندی عائد کی جائے گی۔ شنہوا کے مطابق آسٹریلوی کمیونیکیشنز اینڈ میڈیا اتھارٹی (ACMA) نے ہدایات میں کہا ہے کہ یہ پابندی تمام پلیٹ فارمز پر لاگو ہوگی، جن میں ٹیلی ویژن، ریڈیو، نیوز ویب سائٹس، آن لائن گیمز اور سوشل میڈیا شامل ہیں۔
نئے ضوابط کے تحت جوئے کے اشتہارات میں ’’نمایاں شخصیات‘‘ کو شامل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ان میں موجودہ اور سابق پروفیشنل کھلاڑی، مشہور شخصیات، سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور دیگر معروف افراد شامل ہیں۔ اسی تاریخ سے لائسنس یافتہ آن لائن جوئے کی خدمات فراہم کرنے والے اداروں کو بھی ایسی شخصیات کے ساتھ سپانسرشپ یا تشہیری معاہدے کرنے سے روک دیا جائے گا۔اے سی ایم اے نے کہا کہ ان رہنما ہدایات کا مقصد متعلقہ صنعت کو نئے تقاضوں اور ان سے مستثنیٰ قرار دی جانے والی صورتوں سے آگاہ کرنا ہے تاکہ ادارے پابندی کے نفاذ سے قبل ضروری تیاری کر سکیں۔








