نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان حکومت کی کونسل (سی ایچ جی) کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کے لیے تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے پہنچ گئے
وزیر خارجہ اسحاق ڈار ایس سی او سربراہان حکومت کی کونسل کےاجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کے لیے دوشنبے پہنچ گئے

مزید خبریں
اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان حکومت کی کونسل (سی ایچ جی) کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کے لیے تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے پہنچ گئے۔ترجمان دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق دوشنبے پہنچنے پر تاجکستان کے وزیر توانائی و آبی وسائل اور پاکستان-تاجکستان مشترکہ کمیشن کے شریک چیئرمین دلیر جمعہ، تاجکستان میں پاکستان کے سفیر عرفان احمد، ایس سی او کے لیے پاکستان کے قومی رابطہ کار خلیل ہاشمی اور تاجک حکومت کے سینئر حکام نے نائب وزیراعظم کا استقبال کیا۔ایس سی او کے سربراہان حکومت کی کونسل کا اجلاس 19 اور 20 اکتوبر 2026ء کو منعقد ہو رہا ہے۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار تاجکستان کے وزیراعظم قاہر رسول زادہ کی دعوت پر یہ دورہ کر رہے ہیں۔
ایس سی او کے سربراہان حکومت کی کونسل کے اجلاس میں بیلاروس، چین، قازقستان، کرغزستان، روس، تاجکستان اور ازبکستان کے وزرائے اعظم، ایران کے نائب صدر اور بھارت کے وزیر خارجہ اپنے اپنے ممالک کی نمائندگی کریں گے۔سی ایچ جی شنگھائی تعاون تنظیم کا دوسرا اعلیٰ ترین فیصلہ ساز ادارہ ہےجو تنظیم کے اقتصادی، مالیاتی، تجارت، رابطہ کاری، کاروبار، سماجی و اقتصادی تعاون اور بجٹ سے متعلق امور میں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ سی ایچ جی ایک مشترکہ اعلامیہ، بیانات اور اہم فیصلوں کی بھی منظوری دے گی۔دورے کے دوران نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ تاجکستان کے صدر اور وزیراعظم سے بھی ملاقات کریں گے جبکہ سی ایچ جی اجلاس کے موقع پر شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔








