پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ سرمایہ کاری معاہدے پر مذاکرات کا تیسرا دور اسلام آباد میں شروع
پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ سرمایہ کاری معاہدے پر مذاکرات کا تیسرا دور اسلام آباد میں شروع

مزید خبریں
اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ سرمایہ کاری معاہدے پر مذاکرات کا تیسرا دور پیر کو اسلام آباد میں شروع ہو گیا۔ مذاکرات کا یہ تین روزہ دور 19 سے 21 اکتوبر 2026ء تک خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے زیرِ اہتمام منعقد ہو رہا ہے۔مذاکرات میں کینیڈا کا خصوصی وفد شرکت کر رہا ہے جس کی قیادت پاکستان میں کینیڈا کے ہائی کمشنر کر رہے ہیں جبکہ پاکستانی وفد کی سربراہی سیکرٹری ایس آئی ایف سی کر رہے ہیں۔ دونوں ممالک کی متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے حکام بھی مذاکرات میں شریک ہیں۔ سیکرٹری ایس آئی ایف سی نے کینیڈین وفد کا خیرمقدم کیا اور ہائی کمشنر اور ان کی ٹیم کی جانب سے مذاکراتی عمل میں دلچسپی اور تعاون کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ دوطرفہ سرمایہ کاری معاہدے کی تکمیل پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کو ایک شفاف، مستحکم اور قابلِ پیش گوئی قانونی ڈھانچہ فراہم کرے گا جس سے دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں مدد ملے گی۔کینیڈا کے ہائی کمشنر نے مذاکرات کے اس دور کی میزبانی اور تعمیری طرزِ عمل پر حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کینیڈا ایسے متوازن معاہدے کی جلد تکمیل کے لئے پُرعزم ہے جو دونوں ممالک اور ان کے کاروباری حلقوں کے مفادات کا تحفظ کرے۔دونوں فریقین نے گزشتہ مذاکراتی ادوار میں زیرِ غور آنے والے امور پر مزید بات چیت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ تین روزہ مذاکرات کے دوران زیادہ سے زیادہ امور کو حتمی شکل دینے اور معاہدے کے مسودے کو تکمیل کے قریب لانے کی کوشش کی جائے گی۔
دونوں وفود نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دوطرفہ سرمایہ کاری معاہدہ پاکستان اور کینیڈا کے بڑھتے ہوئے اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا اور باہمی سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ شرکاء نے مذاکرات کے موجودہ دور کو نتیجہ خیز بنانے اور معاہدے کی تکمیل کی جانب پیشرفت جاری رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔سیکرٹری ایس آئی ایف سی سے ملاقات کے دوران کینیڈین وفد نے پاکستان کے قابلِ تجدید توانائی، معدنیات، زراعت اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں کینیڈین سرمایہ کاروں کی دلچسپی سے بھی آگاہ کیا۔
ان شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کے لئے اہم مواقع فراہم کرتے ہیں۔پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ سرمایہ کاری معاہدے پر مذاکرات کا یہ دور 21 اکتوبر 2026ء تک جاری رہے گا۔








