نیوزی لینڈ اور برازیل کا تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات کے فروغ کے لیے مذاکرات شروع کرنے پر اتفاق

نیوزی لینڈ اور برازیل نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے تجارتی و سرمایہ کاری مذاکرات شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔شنہوا کے مطابق نیوزی لینڈ کے وزیر تجارت و سرمایہ کاری ٹوڈ مک کلی نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ دونوں ممالک گزشتہ 60 برسوں سے مضبوط شراکت داری کے حامل ہیں، جسے عوامی روابط، تعلیم، ثقافتی تعلقات اور کھلی و قواعد پر مبنی …

ویلنگٹن۔20اکتوبر (اے پی پی):نیوزی لینڈ اور برازیل نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے تجارتی و سرمایہ کاری مذاکرات شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔شنہوا کے مطابق نیوزی لینڈ کے وزیر تجارت و سرمایہ کاری ٹوڈ مک کلی نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ دونوں ممالک گزشتہ 60 برسوں سے مضبوط شراکت داری کے حامل ہیں، جسے عوامی روابط، تعلیم، ثقافتی تعلقات اور کھلی و قواعد پر مبنی تجارت کے مشترکہ عزم سے تقویت ملی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مذاکراتی عمل کے قیام سے دونوں ممالک تجارتی اور اقتصادی امور، بالخصوص عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) میں اصلاحات جیسے معاملات پر زیادہ قریبی تعاون کریں گے۔

بیان کے مطابق یہ مذاکرات وسیع تر تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے طریقوں پر بھی توجہ دیں گے، جن میں تجارتی مذاکرات کے امکانات شامل ہیں۔ اس حوالے سے اتفاقِ رائے ستمبر میں برازیل کے دارالحکومت برازیلیا میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام کے اجلاس کے بعد سامنے آیا۔اعداد و شمار کے مطابق مارچ 2026 کو ختم ہونے والے سال کے دوران نیوزی لینڈ اور برازیل کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 52 کروڑ 80 لاکھ نیوزی لینڈ ڈالر رہا، جو تقریباً 29 کروڑ 90 لاکھ امریکی ڈالر کے برابر ہے۔

اس عرصے میں نیوزی لینڈ کی برازیل کو برآمدات کی مالیت 20 کروڑ 50 لاکھ نیوزی لینڈ ڈالر رہی، جن میں سفری خدمات، ادویات، پھل، میوہ جات اور مشینری شامل ہیں، جبکہ برازیل کی نیوزی لینڈ کو برآمدات 32 کروڑ 30 لاکھ نیوزی لینڈ ڈالر رہیں۔ ان میں کافی، چائے، مصالحہ جات، لکڑی کا گودا، ادویات اور جانوروں کی خوراک نمایاں مصنوعات تھیں۔