فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے مالدیپ کے صدر کی ملاقات، دوطرفہ دفاعی تعاون کو وسعت دینے کے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے مالدیپ کے صدر کی ملاقات، دوطرفہ دفاعی تعاون کو وسعت دینے کے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
راولپنڈی ۔21اکتوبر (اے پی پی):چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے جمہوریہ مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے اسلام آباد میں اہم ملاقات کی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے مختلف پہلوئوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنمائوں نے دفاعی تعاون کے فروغ، ادارہ جاتی روابط کو مستحکم بنانے اور پیشہ ورانہ تبادلوں میں اضافے کی اہمیت پر زور دیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان قائم دیرینہ اور خوشگوار برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے تعمیری روابط کے ذریعے دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے ، خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کیلئے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے پاکستان کی مسلح افواج کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کیلئے پاکستان کی مسلسل کوششوں کی تعریف کی۔








