ایازصادق سے یوگنڈا کے پارلیمانی وفد کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور

ایازصادق سے یوگنڈا کے پارلیمانی وفد کی ملاقات

اسلام آباد۔21اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے یوگنڈا کے پارلیمانی وفد نے بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی۔ بات چیت کے دوران سپیکر نے پاکستان اوریوگنڈا پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ (پی ایف جی) کی کنوینر آسیہ اسحاق صدیقی کو دورہ کرنے والے وفد کے ساتھ ملاقات میں شرکت کی دعوت دی۔ کنوینئر آسیہ اسحاق صدیقی نے وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور پارلیمانی روابط، ثقافتی تبادلوں اور پارلیمانی سفارت کاری کے ذریعے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے، ادارہ جاتی تجربات کے تبادلے اور تعاون کے مواقع کی نشاندہی کرنے میں دونوں فریقین نے اتفاق کیا۔

یوگنڈا کے وفد نے پاکستان کی جانب سے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی کو سراہا۔ فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے مقصد سے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔ تعلیمی تعاون کے حوالے سے بات چیت کے دوران بتایا گیا کہ یوگنڈا کے تقریباً 120 طلباء پاکستان میں انجینئرنگ اور فارماسیوٹیکل سائنسز سمیت دیگر شعبوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ ملاقات میں عوامی سطح پر رابطوں کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے درمیان دیرپا روابط پیدا کرنے کے لیے تعلیمی شعبے میں تعاون پر زور دیا گیا۔

کنوینئر نے شمسی توانائی کو اپنانے میں پاکستان کی پیشرفت پر روشنی ڈالی اور قابل تجدید توانائی اور پائیدار ترقی میں تجربات کے تبادلے کی صلاحیت پر زور دیا۔ دونوں فریقوں نے ماحولیاتی تبدیلیوں سے درپیش مشترکہ چیلنجوں اور ماحولیاتی خدشات کے لیے باہمی تعاون کے طریقوں کی اہمیت کو بھی تسلیم کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور یوگنڈا کے درمیان قریبی تعلقات کو فروغ دینے ، مستقل قانون سازی اور تعلیمی شعبہ میں تعاون کے ذریعے روابط کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ۔