کمسن بچی کو بلیک میل اور ہراساں کرنے والے دو مجرمان کو 7، 7 سال قید اور 20 لاکھ روپے جرمانے کی سزا
کمسن بچی کو بلیک میل اور ہراساں کرنے والے دو مجرمان کو 7، 7 سال قید اور 20 لاکھ روپے جرمانے کی سزا

مزید خبریں
اسلام آباد۔21اکتوبر (اے پی پی):نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) اسلام آباد کی موثر کارروائی اور ٹھوس تفتیش کے نتیجے میں عدالت نے کمسن بچی کو سائبر ہراسانی اور بلیک میلنگ کا نشانہ بنانے والے دو مجرمان طیب شہزاد اور ذیشان حیدر کو 7، 7 سال قید اور مجموعی طور پر 20 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مجرمان نے ایک 12 سالہ کمسن بچی کی غیر قانونی طور پر قابلِ اعتراض تصاویر بنائیں جنہیں بعد ازاں اس کے اہلِ خانہ کو بھیج کر سوشل میڈیا کے ذریعے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جاتی رہیں۔ این سی سی آئی اے اسلام آباد نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کیا اور مکمل قانونی و عدالتی کارروائی کے بعد عدالت نے جرم ثابت ہونے پر دونوں کو قید اور جرمانے کی سزا سنائی۔
اس اہم مقدمے کی تفتیش انسپکٹر اقراء مقدس نے کامیابی سے سرانجام دی۔ حکام کے مطابق بچوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور سائبر کرائمز سمیت بچوں کے استحصال میں ملوث عناصر کے خلاف ‘زیرو ٹالرنس پالیسی’ پر سختی سے عمل درآمد کا سلسلہ بلا تفریق جاری رہے گا۔








