کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی اور صوبہ اونٹاریو کے وزیراعلیٰ ڈگ فورڈ نے امریکی محصولات سے متاثرہ کارکنوں اور کاروباری اداروں کی معاونت اور طویل مدتی معاشی ترقی کے فروغ کے لیے 8.7 ارب کینیڈین ڈالر کے امدادی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔شنہوا کے مطابق وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اس منصوبے کا بنیادی مقصد اونٹاریو کی فولاد سازی، آٹوموبائل اور اہم معدنیات کی …
کینیڈا کا امریکی محصولات سے متاثرہ صنعتوں کے تحفظ کے لیے 8.7 ارب ڈالر کے امدادی منصوبے کا اعلان

مزید خبریں
اوٹاوا۔22اکتوبر (اے پی پی):کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی اور صوبہ اونٹاریو کے وزیراعلیٰ ڈگ فورڈ نے امریکی محصولات سے متاثرہ کارکنوں اور کاروباری اداروں کی معاونت اور طویل مدتی معاشی ترقی کے فروغ کے لیے 8.7 ارب کینیڈین ڈالر کے امدادی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔شنہوا کے مطابق وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اس منصوبے کا بنیادی مقصد اونٹاریو کی فولاد سازی، آٹوموبائل اور اہم معدنیات کی صنعتوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
منصوبے کے تحت فولاد کی صنعت کے لیے مشترکہ ایکشن فنڈ قائم کیا جائے گا، جبکہ گاڑیاں تیار کرنے والی کمپنیوں کو پیداواری لائنوں کو جدید بنانے اور مستقبل کی منسلک و الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری میں معاونت فراہم کی جائے گی۔منصوبے میں صوبے کے شمالی علاقوں میں اہم معدنیات کی سپلائی چین کی ترقی کے لیے سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور متعلقہ منظوریوں کے عمل کو آسان بنانا بھی شامل ہے۔وزیراعظم مارک کارنی نے کہا کہ کینیڈا اور اونٹاریو حکومتیں موجودہ دور میں روزگار کے تحفظ کے ساتھ ایسی سرمایہ کاری کر رہی ہیں جو مستقبل میں کینیڈا کی معیشت کو مزید مضبوط، مستحکم اور خودمختار بنانے میں مدد دے گی۔
اونٹاریو کینیڈا کی صنعتی و پیداواری سرگرمیوں کا اہم مرکز ہے، جہاں آٹوموبائل اور فولاد سازی کی بڑی صنعتیں موجود ہیں، جبکہ اہم معدنیات کے وسیع ذخائر بھی پائے جاتے ہیں۔ امریکہ کو بالخصوص گاڑیوں اور فولاد کی برآمدات پر انحصار کے باعث یہ صوبہ امریکی محصولات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں شامل ہے۔بیان کے مطابق کینیڈین حکومت امریکی محصولات سے متاثرہ ملکی کارکنوں اور کاروباری اداروں کی معاونت کے لیے اب تک 25 ارب کینیڈین ڈالر سے زائد فراہم کر چکی ہے۔







