یورپی یونین اپنی صنعتوں کے تحفظ کے ساتھ منڈیاں کھلی رکھے، تجارتی جنگ سے گریز ضروری ہے، جرمنی

جرمن چانسلر فریڈرک مرز نے کہا ہے کہ یورپی یونین کو غیر منصفانہ مسابقت سے اپنی صنعتوں کا تحفظ یقینی بنانے کے ساتھ منڈیوں کو کھلا رکھنا اور تجارتی جنگ سے گریز کرنا چاہیے۔شنہوا کے مطابق برلن گلوبل ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے چین کے ساتھ یورپی یونین کے تجارتی خسارے کی نشاندہی کی، تاہم چین کی مسابقتی صلاحیت کو بھی تسلیم کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین …

برلن ۔22اکتوبر (اے پی پی):جرمن چانسلر فریڈرک مرز نے کہا ہے کہ یورپی یونین کو غیر منصفانہ مسابقت سے اپنی صنعتوں کا تحفظ یقینی بنانے کے ساتھ منڈیوں کو کھلا رکھنا اور تجارتی جنگ سے گریز کرنا چاہیے۔شنہوا کے مطابق برلن گلوبل ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے چین کے ساتھ یورپی یونین کے تجارتی خسارے کی نشاندہی کی، تاہم چین کی مسابقتی صلاحیت کو بھی تسلیم کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین انتہائی مسابقتی ملک ہے اور تحقیق و ترقی کے شعبے میں اس کی کامیابیوں کا احترام کیا جانا چاہیے۔

جرمن چانسلر نے بتایا کہ جرمنی اور فرانس نے یورپی یونین کے لیے ایک نئے تجارتی دفاعی طریقہ کار کی تجویز پیش کی ہے، جس کے تحت یورپی صنعتوں اور سپلائی چینز کو نقصان پہنچانے والے غیر منصفانہ تجارتی اقدامات کے خلاف زیادہ تیزی سے ردعمل دیا جا سکے گا۔ ان کے مطابق گزشتہ ہفتے یورپی کونسل کے اجلاس میں یورپی یونین کے رہنماؤں نے اس تجویز کی متفقہ حمایت کی تھی۔انہوں نے واضح کیا کہ اس اقدام کا مقصد تجارتی تنازع شروع کرنا نہیں بلکہ غیر منصفانہ تجارتی طریقوں کی روک تھام کرنا ہے۔

یورپی یونین اپنے تجارتی تحفظ کے اقدامات کو بطور احتیاطی ذریعہ استعمال کرنا چاہتی ہے، نہ کہ تجارتی جنگ کو ہوا دینے کے لیے۔فریڈرک مرز نے مزید کہا کہ یورپی اور چینی حکام نے مختلف تجارتی امور پر بات چیت شروع کر دی ہے، جس کے ابتدائی نتائج بھی سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یورپی یونین چین کے ساتھ اقتصادی تعلقات برقرار رکھنا چاہتی ہے، تاہم اس کے لیے تجارتی شرائط کو مزید منصفانہ بنانا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ منصفانہ تجارت دونوں فریقوں کے مشترکہ اور باہمی مفاد میں ہے۔