سعودی عرب میں پیر تک بارش کا الرٹ جاری

سعودی عرب کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے مملکت کے بیشتر علاقوں میں جمعرات سے پیر تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری کر دیا۔ اردو نیوز کے مطابق مکہ، جازان، عسیر، الباحہ، مدینہ، حائل اور قصیم ریجن میں درمیانے درجے سے شدید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ریاض۔22اکتوبر (اے پی پی):سعودی عرب کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے مملکت کے بیشتر علاقوں میں جمعرات سے پیر تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری کر دیا۔ اردو نیوز کے مطابق مکہ، جازان، عسیر، الباحہ، مدینہ، حائل اور قصیم ریجن میں درمیانے درجے سے شدید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

شدید بارشیں سیلابی صورتحال، ژالہ باری، گرد آلود ہوائیں چلنے کا سبب بن سکتی ہیں جبکہ الشرقیہ، تبوک، الجوف اور حدود الشمالیہ میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے۔ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے بیان میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ خود کو محفوظ مقامات تک محدود رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ شہری سیلاب سے متاثرہ مقامات، وادیوں اور نشیبی مقامات سے دور رہیں۔ ایسے مقامات پر جہاں بارش کا پانی جمع ہو تیراکی سے گریز کیا جائے۔

سرکاری چینلز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے اعلان کردہ شہری دفاع کی ہدایات پر عمل درآمد کیا جائے۔نیشنل سینٹر فار میٹرولوجی کے اعداد وشمار کے مطابق سعودی عرب میں عام طور پر نومبر کے دوران اوسطا 13.29 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاتی رہی ہے جو دوسرا سب سے زیادہ بارش والا مہینہ ہے۔