آئی جی پنجاب عبدالکریم نے شیخوپورہ موٹروے پر قرشی انٹرچینج کے قریب ایلیٹ پولیس فورس جہلم کی گاڑی کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں دو پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔
آئی جی پنجاب کا ایلیٹ پولیس فورس کی گاڑی کو حادثے پر افسوس کا اظہار

مزید خبریں
لاہور۔22اکتوبر (اے پی پی):آئی جی پنجاب عبدالکریم نے شیخوپورہ موٹروے پر قرشی انٹرچینج کے قریب ایلیٹ پولیس فورس جہلم کی گاڑی کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں دو پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق آئی جی پنجاب نے ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ پولیس فورس سے حادثے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے زخمی اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر پولیس جوان ہمارا فخر ہیں۔پنجاب پولیس دکھ کی اس گھڑی میں شہدا کے اہلخانہ کے ساتھ برابر کی شریک ہے اور انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔شہدا کے خاندانوں کی فلاح و بہبود پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
حادثے میں شہید ہونے والوں میں کانسٹیبل ڈرائیور اصغر علی اور ایلیٹ کانسٹیبل نوید افضل شامل ہیں۔شہدا کی نماز جنازہ پولیس لائنز جہلم میں ادا کی جائے گی۔دریں اثنا سینئر پولیس افسران نے میو ہسپتال میں زیر علاج زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔








