حریت کانفرنس کا شہدائے بیج بہاڑہ کو خراج عقیدت، حق خودارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رکھنے کا عزم

کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ نے شہدائے بیج بہاڑہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر و پاکستان شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں شہدا کے درجات کی بلندی، مغفرت اور کشمیری عوام کی آزادی و سربلندی کے …

اسلام آباد۔22اکتوبر (اے پی پی):کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ نے شہدائے بیج بہاڑہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر و پاکستان شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں شہدا کے درجات کی بلندی، مغفرت اور کشمیری عوام کی آزادی و سربلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

اجلاس میں کہا گیا کہ 22 اکتوبر 1993ء کو بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے اہلکاروں نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے ضلع اسلام آباد (اننت ناگ) کے علاقے بیج بہاڑہ میں پرامن کشمیری مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کرکے 50 سےزیادہ افراد کو شہید کر دیا تھا۔ یہ مظاہرہ سرینگر میں درگاہ حضرت بل کے محاصرے کے خلاف کیا جا رہا تھا۔حریت رہنمائوں نے کہا کہ شہدائے بیج بہاڑہ نے ایک عظیم مقصد اور کشمیری قوم کے روشن مستقبل کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کی قربانیاں تحریک آزادی کشمیر کا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ اجلاس میں دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جوار رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کے لواحقین کو صبرِ جمیل دے اور کشمیری قوم کو آزادی کی منزل سے ہمکنار کرے۔

اجلاس میں بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی بگڑتی ہوئی انسانی حقوق کی صورتِ حال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ حریت رہنمائوں نے کہا کہ علاقے میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی سرپرستی میں ہندو انتہا پسند عناصر کی جانب سے کشمیری عوام بالخصوص مسلمانوں کو ہراساں کرنے اور ان پر حملوں کے واقعات تشویشناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات سے عوام میں خوف و عدم تحفظ کا احساس بڑھ رہا ہے جبکہ اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کی جان و مال اور مذہبی و بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں۔حریت رہنمائوں نے کہا کہ حریت قیادت اور کارکنوں سمیت ہزاروں کشمیریوں کی گرفتاریوں اور نظر بندیوں نے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پیدا کر رکھی ہے۔ محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران نوجوانوں کی ہلاکتوں اور گرفتاریوں کے واقعات کشمیری عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام سیاسی قیدیوں اور نظر بند کشمیریوں کو رہا کیا جائے اور عوام کو بنیادی انسانی حقوق سے محروم کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی اقدامات سے تنازعہ کشمیر کی بنیادی حقیقت تبدیل نہیں کی جا سکتی اور نہ ہی کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد کو دبایا جا سکتا ہے۔ حریت رہنمائوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوششیں کر رہا ہے جس سے کشمیری عوام کی سیاسی، سماجی اور شناختی حیثیت کے بارے میں خدشات بڑھ رہے ہیں۔اجلاس میں کہا گیا کہ بھارتی پابندیوں اور گرفتاریوں کے باوجود کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے مطالبے پر قائم ہیں۔

حریت رہنمائوں نے زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق آزادانہ طور پر اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دینے میں ہے۔حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ اور عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورت حال اور کشمیری عوام پر ہونے والے مبینہ حملوں کا نوٹس لیں، شہریوں کے تحفظ کے لیے موثر کردار ادا کریں اور بھارت پر دبائو ڈالیں کہ وہ کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دینے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور پرامن حل جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔

حریت رہنمائوں نے کہا کہ تنازعے کے حل میں مسلسل تاخیر نہ صرف کشمیری عوام کی مشکلات میں اضافے کا باعث ہے بلکہ علاقائی امن و سلامتی کے لیے بھی سنگین چیلنج ہے۔اجلاس کے اختتام پر شہدائے بیج بہاڑہ سمیت تمام کشمیری شہدا کے لیے دعائے مغفرت، ان کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی، اسیران حریت کی رہائی اور بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کی آزادی و امن کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور نمائندہ مہاجرین ضلع باغ اقبال حمید کی والدہ کی وفات اور ظہیر احمد جرال صدر مہاجرین میرپور ڈویژن کے والد کی بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں کشمیر راجوری میں وفات اور کونسلر مہاجری کیمپ باغ الطاف چوہدری کے والد کی وفات اور حاجی محمد صادق مہاجری کیمپ کوٹلی کی وفات پر دعا کی گئی ۔

مزید خبریں