پاکستان اور یورپی یونین کا دہشت گردی کے خلاف تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

پاکستان اور یورپی یونین نے دہشت گردی کی تمام شکلوں کے خلاف مشترکہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے انسداد دہشت گردی کے شعبے میں دوطرفہ اور کثیرالجہتی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے

اسلام آباد۔22اکتوبر (اے پی پی):پاکستان اور یورپی یونین نے دہشت گردی کی تمام شکلوں کے خلاف مشترکہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے انسداد دہشت گردی کے شعبے میں دوطرفہ اور کثیرالجہتی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان مطابق پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان انسداد دہشت گردی سے متعلق سالانہ مذاکرات جمعرات کو اسلام آباد میں منعقد ہوئے جن میں جاری دوطرفہ اور کثیرالجہتی تعاون کا جائزہ لیا گیا۔

مذاکرات کے دوران فریقین نے دہشت گردی کی تمام شکلوں کے خلاف مشترکہ عزم کا اعادہ کیا اور اس سلسلے میں باہمی تعاون کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔اجلاس میں بہترین طریقہ ہائے کار کے تبادلے اور شراکت داری کے نئے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر دہشت گردوں اور ریاستوں کی جانب سے سائبر سپیس، توانائی اور آبی وسائل کے استحصال سمیت دہشت گردی کے ابھرتے ہوئے رجحانات سے نمٹنے پر بھی توجہ مرکوز کی گئی۔