وزیراعظم یوتھ پروگرام اور فزیشنز ریونیو گروپ، پاکستان کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ اس شراکت داری کا مقصد امریکہ میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کا سیکرٹریٹ برائے تعاونِ صحت کی خدمات، قائم کرنا ہے
وزیراعظم یوتھ پروگرام اور فزیشنز ریونیو گروپ، پاکستان کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

مزید خبریں
اسلام آباد۔22اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام اور فزیشنز ریونیو گروپ، پاکستان کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ اس شراکت داری کا مقصد امریکہ میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کا سیکرٹریٹ برائے تعاونِ صحت کی خدمات، قائم کرنا ہے، یہ اقدام پاکستان اور امریکہ کے درمیان صحت کی خدمات، نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع اور پیشہ وارانہ مہارتوں کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے۔دستخط کی تقریب میں چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے بطور مہمانِ گواہ شرکت کی۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل وزیراعظم یوتھ پروگرام ڈاکٹر شہباز شمسی اور چیئرمین و چیف ایگزیکٹو آفیسر فزیشنز ریونیو گروپ پاکستان منصور احمد سمیت دیگر حکام اور نمائندگان بھی شریک تھے۔مجوزہ سیکرٹریٹ ایک رابطہ کاری کے پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا جو پاکستانی اداروں کو امریکہ کے صحت کے شعبے سے وابستہ اداروں، جامعات، پیشہ وارانہ تنظیموں، صنعتی شراکت داروں اور پاکستانی نژاد امریکی طبی برادری سے منسلک کرے گا۔ اس کا مقصد ادارہ جاتی شراکت داری کو فروغ دینا، علم اور تجربات کے تبادلے کو آسان بنانا اور پاکستانی نوجوانوں کے لیے صحت کے شعبے میں انتظامی امور، میڈیکل و ڈینٹل بلنگ، ریونیو سائیکل مینجمنٹ، مریضوں کی نگہداشت میں رابطہ کاری اور صحت سے متعلق ٹیکنالوجی کے شعبوں میں روزگار اور پیشہ ورانہ ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
یہ سیکرٹریٹ صحت اور میڈیکل بلنگ کی خدمات کے وسیع تر شعبے کے لئے ایک جامع پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا، جہاں دونوں ممالک کے دیگر اداروں اور متعلقہ فریقوں کو بھی اس اقدام کے مقاصد سے ہم آہنگ سرگرمیوں میں شمولیت اور تعاون کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ یہ تعاون امریکی شعبہ صحت میں موجود وسیع مواقع اور صحت سے متعلق معاون خدمات فراہم کرنے کے لیے پاکستان کی بڑھتی ہوئی صلاحیت کو مدنظر رکھتے ہوئے تشکیل دیا گیا ہے۔ پاکستان کے نوجوان اور تعلیم یافتہ افراد کو بین الاقوامی صنعت کی ضروریات سے منسلک کرکے اس اقدام کا مقصد باعزت روزگار کے مواقع کو فروغ دینا، پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنا اور پاکستان سے صحت سے متعلق خدمات کی برآمدات کو وسعت دینا ہے۔تعاون کے اہم شعبوں میں پاکستان کے میڈیکل بلنگ اور صحت سے متعلق خدمات کے شعبے کے لئے صنعتی معیارات اور ضابطہ جاتی نظام کی تیاری میں معاونت شامل ہوگی۔ اس ضمن میں امریکہ میں نافذالعمل ڈیٹا کے تحفظ، رازداری اور متعلقہ قانونی و ضابطہ جاتی تقاضوں سے ہم آہنگی پر توجہ دی جائے گی۔ ان اقدامات کا مقصد امریکی اداروں کا اعتماد مضبوط بنانا اور صحت سے متعلق معاون خدمات فراہم کرنے والے ملک کے طور پر پاکستان کی مسابقتی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔
مجوزہ لائحۂ عمل کے تحت مؤثر رابطہ کاری کو یقینی بنانے کے لئے ایک فوکل پرسن اور ایک سیکرٹریٹ کوآرڈینیٹر مقرر کیا جائے گا۔ دونوں ادارے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ بھی تشکیل دیں گے، جو سیکریٹریٹ کی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی، نگرانی اور جائزے کے ساتھ ساتھ پاکستان اور امریکہ کے متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری کو مؤثر بنانے کے لیے کام کرے گا۔یہ تزویراتی تعاون بین الاقوامی شراکت داری کو وسعت دینے، پاکستان کی صحت سے متعلق خدمات کی صنعت کو مضبوط بنانے اور مہارتوں کی ترقی، پیشہ ورانہ روابط اور برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے ذریعے ملک کے نوجوانوں کے لیے پائیدار معاشی مواقع پیدا کرنے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔








