مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو اور خاتون اول کا فیصل مسجد کا دورہ

مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو اور خاتون اول ساجدہ محمد نے جمعرات کو فیصل مسجد کا دورہ کیا جہاں انہیں مسجد کی تاریخ اور عوام کے مشاہدے کے لئے رکھے گئے

اسلام آباد۔22اکتوبر (اے پی پی):مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو اور خاتون اول ساجدہ محمد نے جمعرات کو فیصل مسجد کا دورہ کیا جہاں انہیں مسجد کی تاریخ اور عوام کے مشاہدے کے لئے رکھے گئے قرآن پاک کے نسخوں اور مخطوطات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔صدر ڈاکٹر محمد معیزو اور خاتون اول کے ہمراہ وزیر بحری امور محمد جنید انوار، وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وجیہہ قمر اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

فیصل مسجد کے امام اعظم اور بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کی دعوۃ اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس نے معزز مہمانوں کو مسجد کی تاریخ اور نمائش کے لئے رکھے گئے قرآن پاک کے نسخوں اور مخطوطات کے بارے میں آگاہ کیا۔مالدیپ کے صدر اور خاتون اول نے فیصل مسجد میں نوافل بھی ادا کئے۔

دورے کے اختتام پر دونوں معزز شخصیات نے مہمانوں کی یادگار کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔واضح رہے کہ مالدیپ کے صدر اور خاتون اول تین روزہ سرکاری دورے پر پاکستان میں ہیں اور جمعہ کو وطن واپس روانہ ہوں گے۔