پولیو کے خاتمے کی جدوجہد میں بین الاقوامی شراکت داروں کا تعاون قابل تحسین ہے، عائشہ رضا فاروق

وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کی جدوجہد میں بین الاقوامی شراکت داروں کا تعاون قابل تحسین ہے، پاکستان کو پولیو سے پاک بنانے کے لیے تمام شراکت داروں کی مشترکہ، مربوط اور مسلسل کوششیں ناگزیر ہیں۔

اسلام آباد۔22اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کی جدوجہد میں بین الاقوامی شراکت داروں کا تعاون قابل تحسین ہے، پاکستان کو پولیو سے پاک بنانے کے لیے تمام شراکت داروں کی مشترکہ، مربوط اور مسلسل کوششیں ناگزیر ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم پولیو کے موقع پر بین الاقوامی شراکت داروں کے نمائندگان کے نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر برائے انسداد پولیو (نیشنل ای او سی) کا دورہ کے موقع پر کیا جہاں پولیو پروگرام کی قیادت، بین الاقوامی شراکت داروں اور فرنٹ لائن ورکرز کے درمیان خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر بین الاقوامی شراکت داروں کے نمائندگان کو پاکستان میں پولیو کی موجودہ صورتحال، درپیش چیلنجز اور بیماری کے مکمل خاتمے کے لیے آئندہ کی حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

شرکا نے پاکستان کو پولیو سے پاک بنانے کے لیے مشترکہ اور مسلسل کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔بین الاقوامی شراکت داروں کے نمائندگان نے قومی ادارہ صحت میں قائم پولیو لیبارٹری کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں پاکستان میں پولیو وائرس کی تشخیص، نگرانی اور وائرس کی بروقت نشاندہی کے لیے قائم نظام کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو کے لیے بین الاقوامی شراکت داروں کی مالی، تکنیکی اور عملی معاونت کا تسلسل انتہائی اہمیت رکھتا ہے تاکہ پولیو وائرس کے پھیلائو کو روکنے اور ہر بچے تک ویکسین کی رسائی یقینی بنانے کے لیے جاری اقدامات کو مزید موثر بنایا جا سکے۔

عائشہ رضا فاروق نے بتایا کہ بلوچستان میں نومبر 2024ء کے بعد جبکہ پنجاب میں فروری 2025ء کے بعد پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا جو انسداد پولیو کی کوششوں کے حوالے سے اہم پیش رفت ہے تاہم ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے مسلسل نگرانی، موثر حکمت عملی اور تمام متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی تعاون ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر میں چار لاکھ سے زائد فرنٹ لائن ورکرز انسداد پولیو کی قومی کوششوں میں مصروفِ عمل ہیں،ان ورکرز کی مسلسل محنت، لگن اور عزم کے بغیر پولیو کا خاتمہ ممکن نہیں،فرنٹ لائن ورکرز نہ صرف بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں بلکہ کمیونٹیز کے ساتھ رابطے اور ویکسین سے متعلق آگاہی کے فروغ میں بھی اہم خدمات سرانجام دیتے ہیں۔عائشہ رضا فاروق نے مزید کہا کہ پولیو ورکرز کا عملی تجربہ، زمینی حقائق سے متعلق معلومات اور تجاویز انسداد پولیو کی موثر منصوبہ بندی اور مہمات کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔عالمی یوم پولیو کے موقع پر منعقدہ اس نشست کا مقصد پاکستان میں پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے قومی اور بین الاقوامی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنا، فرنٹ لائن ورکرز کی خدمات کو اجاگر کرنا اور مشترکہ کوششوں کے تسلسل کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔

مزید خبریں