عوامی جمہوریہ چین میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر سید علی اسد گیلانی نے چین کی وزارتِ خارجہ کے اسسٹنٹ منسٹر اور شعبۂ پروٹوکول کے ڈائریکٹر جنرل ہونگ لی کو اپنی اسناد سفارت کی نقول پیش کر دیں۔
چین میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر سید علی اسد گیلانی نے اپنی اسناد سفارت کی نقول پیش کر دیں

مزید خبریں
بیجنگ ـ۔23اکتوبر (اے پی پی):عوامی جمہوریہ چین میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر سید علی اسد گیلانی نے چین کی وزارتِ خارجہ کے اسسٹنٹ منسٹر اور شعبۂ پروٹوکول کے ڈائریکٹر جنرل ہونگ لی کو اپنی اسناد سفارت کی نقول پیش کر دیں۔
جمعہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق سفیر ڈاکٹر سید علی اسد گیلانی نے چین کی جانب سے پرتپاک استقبال پر اظہارِ تشکر کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پاکستان اور چین کے درمیان ہر آزمائش پر پورا اترنے والی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لئے چینی قیادت اور متعلقہ حکام کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی کی بنیادوں کو مزید مستحکم کرنے اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو آگے بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ سفیر ڈاکٹر سید علی اسد گیلانی نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنے چینی ہم منصبوں کے ساتھ مل کر پاکستان اور چین کے درمیان دیرپا دوستی اور تعاون کے رشتوں کو مزید گہرا کرنے کے لیے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت نے کئی نسلوں سے ان مضبوط تعلقات کی تعمیر کے لیے بھرپور محنت کی ہے۔








