امریکی سفارتخانے کی جانب سے اسلام آباد میں پہلی شاہکار فنکار نمائش کا افتتاح

امریکی سفارتخانے، یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن ان پاکستان (یو ایس ای ایف پی )اور پاکستان یو ایس ایلومینائی نیٹ ورک کی جانب سے یو ایس ای ایف پی کی عمارت میں قائم کی گئی نئی گیلری میں پہلی شاہکار فنکار ایلومینائی آرٹسٹ نمائش کا افتتاح کیا گیا۔ مذکورہ گیلری کے قیام کا مقصد فنون لطیفہ کے شعبے میں امریکی حکومت کے تبادلہ پروگراموں کے سابق شرکا کی کامیابیوں کو اجاگر …

اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):امریکی سفارتخانے، یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن ان پاکستان (یو ایس ای ایف پی )اور پاکستان یو ایس ایلومینائی نیٹ ورک کی جانب سے یو ایس ای ایف پی کی عمارت میں قائم کی گئی نئی گیلری میں پہلی شاہکار فنکار ایلومینائی آرٹسٹ نمائش کا افتتاح کیا گیا۔ مذکورہ گیلری کے قیام کا مقصد فنون لطیفہ کے شعبے میں امریکی حکومت کے تبادلہ پروگراموں کے سابق شرکا کی کامیابیوں کو اجاگر کرنا ہے۔جمعہ کو جاری بیان کے مطابق گیلری میں منعقد کی جانے والی پہلی انفرادی نمائش لاہور سے تعلق رکھنے والی آرٹسٹ مینا ہارون کے فن پاروں پر مشتمل ہے۔

وہ ثقافتی ورثے کے تحفظ سے متعلق امریکی محکمہ خارجہ کے ایک تبادلہ پروگرام کی سابق شریک ہیں۔ مینا ہارون نے اپنی والدہ کے زیورات سے آغاز کرتے ہوئے وراثت میں ملنے والے زیورات اور آرائشی اشیاء کو اپنے فن پاروں میں یادوں، شناخت اور خاندانی تسلسل کی علامت کے طور پر استعمال کیا ہے۔ اس نمائش کا افتتاح امریکی تعلیمی اور تبادلہ پروگراموں کی کئی دہائیوں پر محیط تاریخ کا مظہر ہے۔ علاوہ ازیں یہ نمائش ایک ایسی سابق شریک کو نمایاں کرتی ہے جن کی کامیابیاں امریکا اور پاکستان کی باہمی شراکت داری کی عکاس ہیں۔افتتاحی تقریب میں امریکی محکمہ خارجہ کے مندوبین، سترنگ گیلری کی ڈائریکٹر اور نمائش کی پروگرام ایڈوائزر عاصمہ راشد خان، نمائش کی کیوریٹر سارہ راجپر سمیت فنون لطیفہ کے شعبے سے وابستہ شخصیات، تبادلہ پروگراموں کے سابق شرکاء اور سفارتی حلقوں کے ارکان نے شرکت کی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفارتخانہ پاکستان کی ڈائریکٹر پبلک انگیجمنٹ ہائیڈی اسمتھ نے کہا کہ کئی دہائیوں سے جاری تعلیمی اور ثقافتی تبادلہ پروگرام امریکی اور پاکستانی شہریوں کو تعلیم، جدت اور تخلیق کے شعبوں میں شراکت دار کے طور پر قریب لانے کا ذریعہ ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مینا ہارون کا کام ظاہر کرتا ہے کہ تبادلہ پروگرام کا تجربہ کس طرح کسی فنکار کے تصور کو نکھارتا اور دونوں ممالک کے درمیان روابط کو مضبوط بناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کے اڑھائی سو سالہ جشن آزادی کے موقع پر تبادلہ پروگراموں کے سابق شرکاء پاکستان اور امریکاکے باہمی تعلقات کے اگلے باب کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس موقع پر ہائیڈی اسمتھ نے مینا ہارون کو ان کی فنی مہارت اور کامیابیوں کے اعتراف میں تعریفی سند بھی پیش کی۔

 

مزید خبریں