ٹیکسٹائل صنعت کی پیداواری لاگت کم کرنے کے لئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے، عبد الہادی

سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کے صدر عبد الہادی نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹیکسٹائل صنعت کی پیداواری لاگت کم کرنے، کاروباری پالیسیوں میں استحکام لانے اور پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کئے جائیں۔جمعہ کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کا شعبہ پاکستان کی برآمدات اور روزگار کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے تاہم بڑھتی …

اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کے صدر عبد الہادی نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹیکسٹائل صنعت کی پیداواری لاگت کم کرنے، کاروباری پالیسیوں میں استحکام لانے اور پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کئے جائیں۔جمعہ کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کا شعبہ پاکستان کی برآمدات اور روزگار کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے تاہم بڑھتی پیداواری لاگت، خام مال کی درآمدات پر انحصار اور عالمی منڈیوں میں مسابقت کے باعث صنعت کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ برآمدات میں پائیدار اضافے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، پیداواری صلاحیت میں بہتری اور زیادہ قدر والی مصنوعات کی تیاری پر توجہ دینا ضروری ہے، اس مقصد کے لئے ٹیکنیکل ٹیکسٹائل اور برانڈڈ ملبوسات کی تیاری و برآمدات کو فروغ دینے کے ساتھ صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جائے۔عبد الہادی نے کہا کہ مقامی کپاس کی پیداوار میں بہتری اور زرعی و صنعتی شعبوں کے درمیان روابط مضبوط بنانے سے درآمدی خام مال پر انحصار اور پیداواری لاگت کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی تجارتی معاہدوں اور ترجیحی تجارتی سہولتوں میں تبدیلیوں کے تناظر میں پاکستان کو اپنی برآمدی مسابقت برقرار رکھنے کے لئے تجارتی سفارتکاری مؤثر بنانے، نئی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے اور یورپی یونین و برطانیہ کی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی مسابقت بہتر بنانے پر توجہ دینی چاہئے۔

 

مزید خبریں