پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین، انٹرنیشنل تعظیمِ حرمین شریفین کونسل کے سیکرٹری جنرل اور قومی پیغامِ امن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ قومی پیغامِ امن کمیٹی نے ملک بھر میں بین المذاہب اور بین المسالک ہم آہنگی کی مثالی روایت قائم کرتے ہوئے مذہبی قیادت کو انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف متحد کیا ہے
حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی خیبر پختونخوا حکومت کو قیامِ امن کے لئے علماء و مشائخ کے ہر سطح پر مکمل تعاون کی یقین دہانی

مزید خبریں
صوابی۔23اکتوبر (اے پی پی):پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین، انٹرنیشنل تعظیمِ حرمین شریفین کونسل کے سیکرٹری جنرل اور قومی پیغامِ امن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ قومی پیغامِ امن کمیٹی نے ملک بھر میں بین المذاہب اور بین المسالک ہم آہنگی کی مثالی روایت قائم کرتے ہوئے مذہبی قیادت کو انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف متحد کیا ہے۔دارالقرآن پنج پیر، صوابی کے زیر اہتمام شیخ القرآن مولانا محمد طیب طاہری کی زیر قیادت منعقدہ ایک عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جس میں ملک بھر سے ہزاروں علماء، مشائخ، آئمہ اور خطباء نے شرکت کی، حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ علماء اور مذہبی رہنماؤں نے اعلان کیا ہے کہ اسلام دہشت گردی، انتہا پسندی، بے گناہوں کے قتل، بم دھماکوں اور خودکش حملوں سے بری ہے۔انہوں نے کہا کہ مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے مذہبی رہنما ءانتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
انہوں نے خیبر پختونخوا حکومت کو یقین دلایا کہ صوبے میں امن کے قیام کے لئے علماء اور مشائخ ہر سطح پر مکمل تعاون فراہم کریں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ پائیدار امن کے لئے قومی اتحاد، بین المذاہب ہم آہنگی اور باہمی تعاون ناگزیر ہیں۔چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے امن، قومی اتحاد اور استحکام کے لئے ان کی کوششوں کو سراہا اور پاکستان کے دفاعی اداروں پر اعتماد کا اظہار کیا۔سعودی عرب کے لئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ مملکتِ سعودی عرب اور حرمین شریفین کی سلامتی، خودمختاری اور تقدس پاکستان اور پوری امتِ مسلمہ کے لئے ریڈ لائن ہیں۔
انہوں نے سعودی عرب کو نشانہ بنانے والے حوثی حملوں جن میں شہری تنصیبات، تیل کی تنصیبات اور ہوائی اڈے شامل ہیں، کی مذمت کی اور مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ جیسے مقدس شہروں کو لاحق خطرات پر تشویش کا اظہار کیا۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سمیت سعودی قیادت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے عالمی برادری اور مسلم دنیا پر زور دیا کہ وہ سعودی عرب کے خلاف حملوں کی مذمت کریں اور علاقائی امن کی حمایت کریں۔ انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کا تحفظ، سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی، فلسطینی عوام کی حمایت اور کشمیر کے عوام کے لئے تشویش مسلمانوں کو متحد کرنے کا ذریعہ بننی چاہئے۔ انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کی سلامتی، حرمین شریفین کے تحفظ اور پوری مسلم دنیا میں امن کے لئے دعا کی۔








