وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے آذربائیجان کے نئے سفیر عرفان داؤودوف کی ملاقات

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے آذربائیجان کے نئے سفیر عرفان داؤودوف نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے پاکستان میں تعیناتی پر آذربائیجان کے سفیر عرفان داؤودوف کا گرم جوشی سے خیرمقدم کیا اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد دی۔

اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے آذربائیجان کے نئے سفیر عرفان داؤودوف نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے پاکستان میں تعیناتی پر آذربائیجان کے سفیر عرفان داؤودوف کا گرم جوشی سے خیرمقدم کیا اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد دی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات کے فروغ، تجارت اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیاجبکہ دونوں جانب سے پاکستان اور آذربائیجان کے مابین دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ بالخصوص مواصلات اور انفراسٹرکچر کے شعبوں، دوطرفہ تجارت، اقتصادی تعاون اور مشترکہ منصوبوں میں توسیع پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے زور دیا کہ پاکستان چین کے راستے وسط ایشیائی ریاستوں تک تجارتی راہداریاں تیار کرنے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ علاقائی رابطہ کاری کی بہتری اور تجارتی آمدورفت میں سہولت کے لئے ذرائع آمد و رفت اور جدید انفراسٹرکچر کا مضبوط نیٹ ورک اشد ضروری ہے۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ آذربائیجان کے ساتھ باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کی اشد ضرورت ہے،انہوں نے اپنے حالیہ دورۂ آذربائیجان کی خوشگوار یادوں کا ذکر کرتے ہوئے مستقبل میں باہمی شراکت داری سے بڑی توقعات کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان مختلف اقتصادی شعبوں میں، جہاں وسیع امکانات موجود ہیں، دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے آذربائیجان کے سفیر عرفان داوودوف نے پاکستان کے ساتھ سفارتی و اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لئے آذربائیجان کے عزم کا اظہار کیا۔ خوشگوار جملوں کا تبادلہ کرتے ہوئے سفیر موصوف نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اپنے ملک کی قائم کردہ مضبوط بنیادوں اور روایات کو آگے بڑھائیں گے۔ملاقات میں پاکستان میں آذربائیجان کے سابق سفیر خضر فرہادوف کی کامیاب سفارتی مدت کا بھی احسن انداز میں اعتراف کیا گیا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو استوار کرنے میں ان کی خدمات کو سراہا گیا۔

 

مزید خبریں