بلوچستان کی تعمیر و ترقی کا سفر جاری رہے گا، عوام اور سکیورٹی فورسز متحد ہو کر ملک دشمن عناصر کے عزائم ناکام بنائیں گے ،وزیراعلی بلوچستان

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گوادر میں کنسٹرکشن کمپنی کے خالی کیمپ پر فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے اور کارروائی کے دوران سات دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جرات اور عزم کو سراہا ہے۔

کوئٹہ۔ 23 اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گوادر میں کنسٹرکشن کمپنی کے خالی کیمپ پر فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے اور کارروائی کے دوران سات دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جرات اور عزم کو سراہا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرکے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے، بلوچستان میں بدامنی پھیلانے اور صوبے کی تعمیر و ترقی کے عمل کو نقصان پہنچانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ذریعے عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنے اور ترقیاتی و معاشی سرگرمیوں میں رکاوٹ ڈالنے والے عناصر اپنے مقاصد میں ناکام رہیں گے، بلوچستان امن، استحکام اور خوشحالی کی جانب گامزن ہے اور اس سفر کو روکنے کی کسی بھی کوشش کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے بہادر اہلکار ملک و صوبے کے امن کے لیے قابل قدر خدمات انجام دے رہے ہیں، ان کی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیاں پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام اور سکیورٹی فورسز متحد ہو کر امن دشمن عناصر کے عزائم ناکام بنائیں گے اور بلوچستان کی تعمیر و ترقی کا سفر جاری رہے گا۔

مزید خبریں