اقوام متحدہ کو دنیا کو درپیش متعدد چیلنجز سے نمٹنے کیلئے عالمی سطح پر کوششوں میں قائدانہ کردار ادا کرنا چاہیے، وزیراعظم شہباز شریف کا اقوام متحدہ کے عالمی دن پر پیغام

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے عالمی تاریخی دن کے موقع پر پاکستان اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں سے اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ اور تمام ریاستوں کی خودمختار مساوات، ان کے داخلی معاملات میں عدم مداخلت، حق خودارادیت اور تنازعات کے پرامن حل کے اصولوں سے پاکستان اپنی وابستگی کی تجدید کرتا ہے، اقوام متحدہ کو آج دنیا کو درپیش …

اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے عالمی تاریخی دن کے موقع پر پاکستان اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں سے اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ اور تمام ریاستوں کی خودمختار مساوات، ان کے داخلی معاملات میں عدم مداخلت، حق خودارادیت اور تنازعات کے پرامن حل کے اصولوں سے پاکستان اپنی وابستگی کی تجدید کرتا ہے، اقوام متحدہ کو آج دنیا کو درپیش متعدد چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر کوششوں میں قائدانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔

جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق اقوام متحدہ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان آج عالمی برادری کے ہمراہ اقوام متحدہ کا دن منا رہا ہے، جو اقوام متحدہ کے منشور کی منظوری کے اکیاسی (81)سال مکمل ہونے کی یاد دلاتا ہے،اس تاریخی دن کے موقع پر پاکستان اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں سے اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کرتا ہے۔ بالخصوص تمام ریاستوں کی خودمختار مساوات، ان کے داخلی معاملات میں عدم مداخلت، حق خودارادیت اور تنازعات کے پرامن حل کے اصولوں سے پاکستان اپنی وابستگی کی تجدید کرتا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ یہ امر باعث تشویش ہے کہ اقوام متحدہ کےمنشور کے متعدد بنیادی اصولوں کی دنیا بھر میں مسلسل اور بلاخوف و خطر خلاف ورزی کی جا رہی ہے جس کی نمایاں مثالیں، بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر اور مقبوضہ فلسطین ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ اس اہم دن کی یاد مناتے ہوئے ہم اقوام متحدہ کے ان سینکڑوں امن دستوں کے اہلکاروں اور دیگر عملے کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نےفرائض کی انجام دہی میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، بالخصوص پاکستان کے ان اہلکاروں کو جنہوں نے عالمی امن کے لیے اپنی جانیں قربان کیں،پاکستان اقوام متحدہ کے عالمی امن مشنز میں سب سے زیادہ حصہ لینے والے ممالک میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے امن مشنز میں عالمی امن کے قیام و استحکام کے لیے اپنی خدمات پر پاکستان کو فخر ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے مختلف اداروں کے کلیدی کردار اور ان کے امدادی پروگراموں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا اور سراہتا ہے،یہ اقدامات دنیا بھر بالخصوص ترقی پذیر ممالک میں انسانی ہمدردی کے مسائل سے نمٹنے، صحت و تعلیم کے فروغ اور ترقیاتی ترجیحات کی تکمیل میں قابل قدر معاونت فراہم کر رہے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کثیرالجہتی نظام پر اپنے غیر متزلزل یقین اور اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ اقوام متحدہ کو عالمی کوششوں کا مرکزی محور برقرار رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو آج دنیا کو درپیش متعدد چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر کوششوں میں قائدانہ کردار ادا کرنا چاہیے، پاکستان اس ضمن میں تمام رکن ممالک اور اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے اپنے عزم کی تجدید کرتا ہے تاکہ اقوام متحدہ کےمنشور میں شامل اس وژن کو حقیقت کا روپ دیا جا سکے جس کا مقصد سب کے لیے امن اور خوشحالی کا قیام ہے۔

مزید خبریں