چوبیس اکتوبر کشمیریوں کی تاریخ کا اہم دن، تحریک آزادی کی تکمیل تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کی تجدید کرتے ہیں، غلام محمد صفی

کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر و پاکستان کے کنوینئر غلام محمد صفی اورجملہ حریت رہنماؤں نے کہا ہے کہ 24 اکتوبر کشمیریوں کی تاریخ کا اہم اور یادگار دن ہے، جو بھارتی تسلط سے آزادی اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کی علامت ہے۔ اس دن 1947 میں ریاست جموں و کشمیر کی آزادی کے مقصد سے آزاد کشمیر کی عبوری حکومت قائم کی گئی، …

اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر و پاکستان کے کنوینئر غلام محمد صفی اورجملہ حریت رہنماؤں نے کہا ہے کہ 24 اکتوبر کشمیریوں کی تاریخ کا اہم اور یادگار دن ہے، جو بھارتی تسلط سے آزادی اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کی علامت ہے۔ اس دن 1947 میں ریاست جموں و کشمیر کی آزادی کے مقصد سے آزاد کشمیر کی عبوری حکومت قائم کی گئی، جس کا بنیادی مقصد آزاد کشمیر کو تحریک آزادی کا بیس کیمپ بنا کر مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد کو آگے بڑھانا تھا۔

یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ 24 اکتوبر کو آزاد جموں و کشمیر کے یومِ تاسیس کے طور پر روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ یہ دن ہمیں ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو کشمیری عوام نے اپنے بنیادی حقوق، آزادی اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے پیش کیں۔ ظالم ڈوگرہ حکمرانوں کے تسلط کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد کے نتیجے میں ریاست جموں و کشمیر کا ایک حصہ آزاد ہوا اور آزاد کشمیر کی حکومت کی بنیاد رکھی گئی۔حریت رہنماؤں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے یومِ تاسیس کا اصل پیغام تحریک آزادی کشمیر کی تکمیل اور بھارتی غیرقانونی قبضے کے خاتمے کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم ہے۔

دنیا بھر میں مقیم کشمیری اس تاریخی دن کو تجدیدِ عہد کے طور پر مناتے ہیں اور ان تمام شہدا اور تحریک آزادی کے محسنوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ حل اور کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حقِ خودارادیت دلانے تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں اس بات کا تقاضا کرتی ہیں کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیریوں کو ان کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دلانے کے لیے موثر کردار ادا کرے۔حریت رہنماؤں نے کہا کہ آزاد حکومت کے قیام کا بنیادی مقصد آزاد کشمیر کو تحریک آزادی کا بیس کیمپ بنا کر ریاست کے دیگر حصوں کی آزادی کے لیے سیاسی، سفارتی اور عوامی سطح پر جدوجہد کرنا تھا۔ لہٰذا یومِ تاسیس کا تقاضا ہے کہ اس تاریخی مقصد کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے تحریک آزادی کشمیر کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے تمام تر کوششیں جاری رکھی جائیں۔

 

مزید خبریں