ایس آئی ایف سی کے تحت پاکستان میں کاروبار کے قواعد و ضوابط کی تشکیلِ نو،557 اصلاحات کی منظوری، کاروباری شعبے کو سالانہ 460 ارب روپے کی ممکنہ بچت

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) آسان کاروبار اصلاحاتی پروگرام کے تحت کاروباری ضوابط کو سادہ بنانے، تعمیل کے اخراجات کم کرنے اور سرمایہ کاری و کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول کی تشکیل کے سلسلے میں ملک گیر کوششوں کو مربوط کر رہی ہے۔اس سلسلے میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر، گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ امجد حسین …

اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) آسان کاروبار اصلاحاتی پروگرام کے تحت کاروباری ضوابط کو سادہ بنانے، تعمیل کے اخراجات کم کرنے اور سرمایہ کاری و کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول کی تشکیل کے سلسلے میں ملک گیر کوششوں کو مربوط کر رہی ہے۔اس سلسلے میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر، گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ امجد حسین آزاد، صوبائی کابینہ کے ارکان، نیشنل کوآرڈینیٹر اور ایس آئی ایف سی کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں کاروباری سہولیات سے متعلق اصلاحات کو علاقائی سطح تک وسعت دینے اور وفاقی و علاقائی اداروں کے مابین تعاون مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کو آگاہ کیا گیا کہ اب تک 557 ضابطہ جاتی اصلاحات کی منظوری دی جا چکی ہے، جن سے کاروباری شعبے کو سالانہ 460 ارب روپے کی ممکنہ بچت متوقع ہے۔ ان اصلاحات کا مقصد کاروباری تقاضوں کو آسان بنانا، ضابطوں پر عمل درآمد کے اخراجات کم کرنا اور کاروباری سرگرمیوں میں حائل طریقہ کار کی پیچیدگیوں کو دور کرنا ہے۔

وزیراعظم کی ہدایات کے تحت ایس آئی ایف سی ضابطہ جاتی سادگی کو فروغ دینے اور ایسے کاروباری ماحول کی تشکیل کے لیے مربوط کوششوں میں معاونت کر رہی ہے جو کاروبار کے آغاز و توسیع، سرمایہ کاری اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے سازگار ہو۔ علاقائی اداروں کے ساتھ روابط ان اصلاحات کو موثر انداز میں وسعت دینے اور ان کے فوائد کو زیادہ سے زیادہ کاروباری حلقوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ایس آئی ایف سی اپنے مربوط حکومتی نظام کے ذریعے ضابطہ جاتی اصلاحات اور سرمایہ کاری میں سہولت کاری کو یکجا کرتے ہوئے پاکستان بھر میں ایک سادہ، موثر اور کاروبار دوست نظام کے قیام کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

 

مزید خبریں