سپیکر قومی اسمبلی کا اقوام متحدہ کے دن کے موقع پر پیغام، عالمی امن، انصاف اور کثیرالجہتی تعاون کے لیے عالمی عزم کی تجدید پر زور دیا

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اقوام متحدہ کے دن کے موقع پر اپنے پیغام میں عالمی امن، انصاف اور کثیرالجہتی تعاون کے لیے عالمی عزم کی تجدید پر زور دیا ہے۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے ہفتہ کو جاری پیغام میں سردار ایاز صادق نے کہا کہ عالمی برادری اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں اور مقاصد سے اپنی وابستگی کی تجدید کرے، عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکالمہ، …

اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اقوام متحدہ کے دن کے موقع پر اپنے پیغام میں عالمی امن، انصاف اور کثیرالجہتی تعاون کے لیے عالمی عزم کی تجدید پر زور دیا ہے۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے ہفتہ کو جاری پیغام میں سردار ایاز صادق نے کہا کہ عالمی برادری اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں اور مقاصد سے اپنی وابستگی کی تجدید کرے، عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکالمہ، سفارت کاری، باہمی احترام اور اجتماعی اقدامات ناگزیر ہیں،مسلح تنازعات، انسانی بحرانوں، معاشی عدم مساوات اور موسمیاتی تبدیلی کے تناظر میں اقوام متحدہ کا کردار پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قانون کا احترام، ریاستوں کی خودمختاری، حقِ خودارادیت اور تنازعات کا پُرامن حل عالمی نظام کے بنیادی ستون ہیں،کثیرالجہتی نظام کی موثریت کا انحصار اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں پر غیر جانب داری سے عمل درآمد پر ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی امن و سلامتی کے فروغ اور کثیرالجہتی تعاون پر پختہ یقین رکھتا ہے،اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کی طویل عرصے سے جاری شرکت عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے عزم کا واضح ثبوت ہے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری اور بین الپارلیمانی تعاون مختلف ممالک کے درمیان اعتماد سازی اور مشترکہ عالمی مقاصد کے حصول میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں،عالمی برادری انصاف اور حقِ خودارادیت کے اصولوں سے غیر متزلزل وابستگی کا مظاہرہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ جموں و کشمیر کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق منصفانہ اور پائیدار حل ناگزیر ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ فلسطین میں بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق منصفانہ اور پائیدار امن کے قیام کی ضرورت ہے، فلسطینی عوام کے جائز حقوق کے تحفظ اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں تیزی لانے اور موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک کی معاونت کے لیے عالمی تعاون کو مضبوط بنایا جائے،غربت اور عدم مساوات میں کمی اور تعلیم، صحت اور معاشی مواقع تک رسائی بڑھانے کے لیے بین الاقوامی تعاون ناگزیر ہے، ترقی پذیر ممالک اور معاشرے کے کمزور طبقات کو عالمی ترقیاتی اقدامات میں خصوصی توجہ دی جانی چاہیے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ بین الاقوامی وعدوں کو موثر قانون سازی، جمہوری نگرانی اور جامع پالیسی سازی کے ذریعے عملی اقدامات میں تبدیل کرنا پارلیمانوں کی اہم ذمہ داری ہے، اقوام متحدہ کے نظام کے ساتھ پارلیمانوں کے مضبوط روابط امن، پائیدار ترقی، انسانی حقوق اور جمہوری اداروں کے فروغ میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ اقوام متحدہ کے دن کے موقع پر عالمی برادری اختلافات اور مفادات سے بالاتر ہو کر مشترکہ ذمہ داری، یکجہتی اور تعاون کے جذبے کو اپنائے۔

مزید خبریں