پولیو سے پاک پاکستان ہماری قومی ذمہ داری اور ہر بچے کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے ،چیئرپرسن بی آئی ایس پی کا انسدادِ پولیو کے عالمی دن پر پیغام

پولیو سے پاک پاکستان ہماری قومی ذمہ داری اور ہر بچے کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے ،چیئرپرسن بی آئی ایس پی کا انسدادِ پولیو کے عالمی دن پر پیغام

اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام(بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد نے انسدادِ پولیو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پولیو سے پاک پاکستان ہماری قومی ذمہ داری اور ہر بچے کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے ۔ بی آئی ایس پی سے ہفتہ کو جاری اپنے پیغام میں سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے پاکستان کو پولیو سے پاک بنانے کے لیے تاریخی جدوجہد کی ،شہید بینظیر بھٹو کا خواب تھا کہ پاکستان کا ہر بچہ صحت مند اور محفوظ زندگی گزارے۔

انہوں نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ صرف حکومت کی نہیں بلکہ پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے،والدین اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں تاکہ انہیں عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھا جا سکے ۔سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ پولیو کے خلاف جنگ میں عوام کا تعاون اور والدین کا ذمہ دارانہ کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے،پولیو ورکرز ملک کے بچوں کے روشن مستقبل کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دے رہے ہیں ،دشوار گزار علاقوں میں انسدادِ پولیو مہم چلانے والے ورکرز کی خدمات اور قربانیاں قابلِ تحسین ہیں۔ چیئر پرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے موثر حکمتِ عملی، مسلسل آگاہی اور قومی سطح پر مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں ۔ انہوں زور دیا کہ کوئی بھی بچہ پولیو کے باعث معذوری کا شکار نہ ہو، یہ ہم سب کا عزم ہونا چاہیے۔

 

مزید خبریں