ہر بچے کو پولیو سے محفوظ اور صحت مند مستقبل فراہم کرنا قومی ذمہ داری ہے،چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کا انسداد پولیو کے عالمی دن پر پیغام

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)بلاول بھٹو زرداری نے انسداد پولیو کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پولیو سے پاک پاکستان شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب تھا، ہر بچے کو پولیو سے محفوظ اور صحت مند مستقبل فراہم کرنا قومی ذمہ داری ہے۔ پی پی پی میڈیا سیل سے جاری پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے …

اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)بلاول بھٹو زرداری نے انسداد پولیو کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پولیو سے پاک پاکستان شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب تھا، ہر بچے کو پولیو سے محفوظ اور صحت مند مستقبل فراہم کرنا قومی ذمہ داری ہے۔ پی پی پی میڈیا سیل سے جاری پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، مستقل سیاسی عزم، وفاقی و صوبائی حکومتوں میں موثر رابطہ کاری اور عوامی شرکت ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے قدامت پسند عناصر کی شدید مخالفت کے باوجود پاکستان کی پہلی قومی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کیا اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری کو خود پولیو کے قطرے پلا کر بچوں کی صحت و تحفظ پر سمجھوتہ نہ کرنے کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ آصفہ بھٹو زرداری گزشتہ کئی سال سے انسدادِ پولیو کی کوششوں کو کامیاب بنانے کے لیے مسلسل سرگرمِ عمل ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کا کوئی بچہ پولیو کے باعث عمر بھر کی معذوری کا شکار نہ ہو، یہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے خواب کی تکمیل ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسدادِ پولیو مہم کے ورکرز، بالخصوص دشوار گزار علاقوں میں خدمات انجام دینے والے ورکرز، خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ فرائض کی ادائیگی کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیو ورکرز قوم کے ہیروز ہیں، ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا کہ عوام پولیو ٹیموں سے تعاون کریں اور پاکستان کو پولیو سے پاک بنانے کی قومی کوششوں کا حصہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے پولیو سے پاک پاکستان کے خواب کو حقیقت بنانے کے لیے کوشاں رہے گی۔

مزید خبریں