والدین پولیو کے قطروں کو بچوں کی صحت اور مستقبل کا تحفظ سمجھتے ہوئے ہر مہم میں تعاون کریں، محمد ہمایون خان کا انسدادِ پولیو کے عالمی دن پر پیغام

والدین پولیو کے قطروں کو بچوں کی صحت اور مستقبل کا تحفظ سمجھتے ہوئے ہر مہم میں تعاون کریں، محمد ہمایون خان کا انسدادِ پولیو کے عالمی دن پر پیغام

اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)کے مرکزی سیکرٹری جنرل محمد ہمایوں خان نے انسدادِ پولیو کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہر بچے کو پولیو سے محفوظ بنانا ریاست، معاشرے اور والدین کی مشترکہ ذمہ داری ہے، والدین پولیو کے قطروں کو بچوں کی صحت اور مستقبل کا تحفظ سمجھتے ہوئے ہر مہم میں تعاون کریں۔

پی پی پی میڈیا سیل سے جاری پیغام میں محمد ہمایوں خان نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کرکے بچوں کے محفوظ مستقبل کی بنیاد رکھی،ان کا انسدادِ پولیو مشن آج بھی صحت مند اور محفوظ پاکستان کی جدوجہد میں مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری کی پولیو کے خاتمے کے لیے کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔ محمد ہمایوں خان نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی عوامی صحت اور بچوں کے روشن مستقبل کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پولیو سے پاک پاکستان شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے خواب کی تعبیر اور قومی صحت کے تحفظ کی جانب اہم سنگِ میل ہوگا۔رہنما پی پی پی نے کہا کہ انسدادِ پولیو ورکرز قومی خدمت کے عظیم مشن پر مامور ہیں، ان کی حفاظت اور حوصلہ افزائی ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ محمد ہمایوں خان نے کہا کہ پاکستان سے پولیو کا مکمل خاتمہ قومی ترجیح ہونا چاہیے، مربوط حکمتِ عملی اور عوامی تعاون سے یہ ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے۔