آئی جی اسلام آباد کی اسلام آباد پولیس کے لیے لیو پالیسی 2026متعارف

آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری نے اسلام آباد پولیس کے لیے ’’لیو پالیسی 2026‘‘ (رخصت کی نئی پالیسی) متعارف کرائی ہے، اس پالیسی کے تحت تمام افسران اور اہلکاروں کے لیے ہفتے میں ایک دن چھٹی لازمی قرار دی گئی ہے، اور فورس کی فلاح و بہبود کے لیے رخصت کے قواعد و ضوابط میں نظرثانی کی گئی ہے۔ اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے ہفتے کو اے …

اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری نے اسلام آباد پولیس کے لیے ’’لیو پالیسی 2026‘‘ (رخصت کی نئی پالیسی) متعارف کرائی ہے، اس پالیسی کے تحت تمام افسران اور اہلکاروں کے لیے ہفتے میں ایک دن چھٹی لازمی قرار دی گئی ہے، اور فورس کی فلاح و بہبود کے لیے رخصت کے قواعد و ضوابط میں نظرثانی کی گئی ہے۔ اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے ہفتے کو اے پی پی کو بتایا کہ یہ نئی پالیسی آئی جی پی کی خصوصی ہدایات پر جاری کی گئی ہے اور اس کا اطلاق فوری طور پر اسلام آباد پولیس کی تمام شاخوں میں کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس پالیسی میں سینئر افسران کے اختیارات کو واضح طور پر بیان کیا گیا ہے کہ وہ کس طرح عارضی (casual)، کمائی گئی (earned)، طبی (medical) اور دیگر اقسام کی رخصتیں منظور کر سکتے ہیں، جس سے پولیس اہلکاروں کے لیے یہ عمل آسان ہو جائے گا۔نظرثانی شدہ پالیسی کے تحت، سٹیشن ہاؤس آفیسرز (SHOs) کانسٹیبلز اور ہیڈ کانسٹیبلز کے لیے تین دن تک کی عارضی رخصت منظور کر سکتے ہیں جبکہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (DSPs) پانچ دن تک کی رخصت منظور کرنے کے مجاز ہوں گے۔اسی طرح، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (SPs) کانسٹیبل سے لے کر انسپکٹر کے عہدے تک کے اہلکاروں کے لیے تین دن تک کی عارضی رخصت منظور کر سکتے ہیں جبکہ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (SSP ) کو ایس پیز (SPs) اور ایس ایچ اوز (SHOs) کے لیے تین دن کی عارضی رخصت منظور کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ ڈپٹی انسپکٹر جنرلز (DIGs) کو کانسٹیبل سے لے کر انسپکٹر کے عہدے تک کے اہلکاروں کے لیے ہر قسم کی رخصت منظور کرنے کا اختیار دیا گیا ہے جبکہ ڈی آئی جیز (DIGs) اور ایس ایس پیز (SSPs) کی رخصت کی درخواستوں کے لیے آئی جی پی اسلام آباد کی منظوری درکار ہوگی۔انہوں نےکہا کہ نئی پالیسی کے تحت حج کے لیے 45 دن اور عمرہ یا دیگر مذہبی زیارتوں کے لیے 21 دن کی رخصت کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے۔مرد پولیس اہلکار شادی کے موقع پر 10 دن کی رخصت کے حقدار ہوں گے جبکہ خواتین افسران اور اہلکاروں کو شادی پر ایک ماہ کی رخصت دی جائے گی۔

اس پالیسی کے تحت جو افسران سینٹرل سپیریئر سروسز (CSS) اور پروونشل سول سروسز (PCS) کے امتحانات میں شرکت کر رہے ہوں وہ 20 دن تک کی رخصت حاصل کر سکتے ہیں جبکہ انٹرویوز کے لیے 15 دن تک کی رخصت کی اجازت ہوگی۔ ترجمان نے بتایا کہ نظرثانی شدہ پالیسی کے تحت اپنے آبائی اضلاع سے دور تعینات پولیس اہلکار 45 دن کی ڈیوٹی کے بعد 7 دن اور 90 دن کی ڈیوٹی کے بعد 14 دن کی چھٹی کے حقدار ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ تمام پولیس افسران اور اہلکاروں کے لیے ہفتے میں ایک دن کا آرام لازمی قرار دیا گیا ہے اور اسے دیگر اقسام کی چھٹیوں سے الگ شمار کیا جائے گا۔

اس پالیسی میں پولیس اہلکاروں کی طبی ضروریات کے پیشِ نظر ’میڈیکل لیو‘ (طبی رخصت) کی سہولت بھی شامل ہے۔مزید برآں نظرثانی شدہ قواعد کے مطابق کسی یونٹ یا ڈویژن کی کل نفری کے 10 فیصد سے زائد اہلکار ایک ہی وقت میں عارضی رخصت پر جا سکتے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ یہ نئی پالیسی محکمانہ نظم و ضبط کو برقرار رکھتے ہوئے، پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ ضروریات کو مدنظر رکھ کر تیار کی گئی ہے۔

 

مزید خبریں