اقوام متحدہ عالمی امن کے فروغ اور تنازعات کے حل کے لیے اہم پلیٹ فارم ہے، طارق فضل چوہدری

وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نےامن، انصاف، انسانی وقار اور عالمی تعاون کے اصولوں سے وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ عالمی امن کے فروغ اور تنازعات کے حل کے لیے اہم پلیٹ فارم ہے

اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نےامن، انصاف، انسانی وقار اور عالمی تعاون کے اصولوں سے وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ عالمی امن کے فروغ اور تنازعات کے حل کے لیے اہم پلیٹ فارم ہے۔ وزارت پارلیمانی امور کی جانب سے اقوام متحدہ کے دن کے موقع پر جاری اپنے خصوصی پیغام میں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ذریعے تنازعات کا مکالمے سے حل اور انسانی حقوق کا تحفظ ممکن ہے،دنیا کو بڑھتے ہوئے تنازعات اور انسانی بحرانوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کثیرالجہتی تعاون اور مشترکہ اقدامات کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر سے وابستگی برقرار رکھے ہوئے ہے اور پرامن بقائے باہمی، بین الاقوامی قانون کے احترام اور حقِ خودارادیت کا حامی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں ایسی دنیا کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے جہاں امن غالب ہو اور انصاف قائم ہو، ہر انسان کو وقار اور تحفظ کے ساتھ زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔

مزید خبریں