نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اِسحاق ڈار نے گندم کی قیمتوں میں اضافے کے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی و صوبائی حکام کو ہدایت کی ہے کہ قیمتوں میں استحکام لانے کیلئے گندم کی رسد میں اضافے سمیت تمام ضروری اقدامات کئے جائیں، قومی غذائی سکیورٹی کا تحفظ اور عوام کو اشیائے ضروریہ کی مناسب قیمتوں پر فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس،وفاقی وصوبائی حکام کواشیائے ضروریہ کی مناسب قیمتوں پر فراہمی یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت

مزید خبریں
اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اِسحاق ڈار نے گندم کی قیمتوں میں اضافے کے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی و صوبائی حکام کو ہدایت کی ہے کہ قیمتوں میں استحکام لانے کیلئے گندم کی رسد میں اضافے سمیت تمام ضروری اقدامات کئے جائیں، قومی غذائی سکیورٹی کا تحفظ اور عوام کو اشیائے ضروریہ کی مناسب قیمتوں پر فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ہفتہ کو کابینہ کمیٹی کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، جس میں اشیائے ضروریہ کے ذخائر کی موجودہ صورتِ حال، قیمتوں اور رسد کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں قومی ذخائر، خریداری کے نظام اور مقامی کھپت کے رجحانات سمیت قیمتوں کی صورتِ حال کا جامع جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ روزمرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ کے ملکی ذخائر تسلی بخش سطح پر موجود ہیں، جو مقامی منڈیوں میں رسد کے استحکام کو یقینی بنانے میں معاون ہیں۔اجلاس کو گندم کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مقامی ذخائر اور درآمد شدہ گندم کو ملا کر دستیاب مقدار آئندہ فصل کی کٹائی تک ملکی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہے تاہم، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے گندم کی قیمتوں میں اضافے کے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے گندم کی رسد میں اضافے سمیت تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔ چینی کے حوالے سے کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ مقامی منڈی میں اس کی قیمت 155 روپے فی کلوگرام کی مقررہ ہدفی خوردہ قیمت سے خاصی کم ہے جبکہ آئندہ کرشنگ سیزن تک ضروریات پوری کرنے کے لیے وافر ذخائر بھی دستیاب ہیں۔نائب وزیراعظم نے اس امر پر زور دیا کہ قومی غذائی سکیورٹی کا تحفظ اور عوام کو اشیائے ضروریہ مناسب قیمتوں پر فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکام کو ہدایت کی کہ منڈیوں اور تجارتی نیٹ ورکس پر کڑی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام متعلقہ ادارے ذخیرہ اندوزی اور مارکیٹ میں قیاس آرائی کے ذریعے قیمتوں پر اثرانداز ہونے کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق و موسمیاتی تبدیلی، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹریز برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق اور تجارت، تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور متعلقہ وفاقی و صوبائی محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔







