خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کا جلد خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، عقیل ملک

وزیر مملکت برائے قانون و انصاف عقیل ملک نے خیبر پختونخوا میں امن کی بحالی کے لیے جلد از جلد دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اظہار کیا ہے

اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے قانون و انصاف عقیل ملک نے خیبر پختونخوا میں امن کی بحالی کے لیے جلد از جلد دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ہفتہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گورنر راج آئین کے مطابق نافذ کیا گیا ہے اور ایک مقررہ مدت کے بعد صوبے کی امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لے کر اس میں ممکنہ توسیع کا فیصلہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام کے تحفظ اور صوبے کے لوگوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیےدہشت گردی کا خاتمہ حکومت کا بنیادی مقصد ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دورِ حکومت میں دہشت گردی عروج پر پہنچ گئی تھی۔عقیل ملک نے کہا کہ وفاقی حکومت دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے وہ تمام اقدامات کرے گی جو پی ٹی آئی کی زیر قیادت صوبائی حکومت نے نہیں کیے۔ انہوں نے زور دیا کہ قومی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کی کارروائیوں کےلیے افغان سرزمین کے استعمال سے متعلق اپنے تحفظات دور کرنے کے لیے افغان حکام کے ساتھ مذاکرات کی متعدد کوششیں کیں تاہم ان کوششوں کے مطلوبہ نتائج برآمد نہیں ہوئے۔

مزید خبریں