وفاقی وزیر اور چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود نے ہفتے کے روز نوجوانوں کو بااختیار بنانے، تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کرنے اور ٹیکنالوجی کے فروغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کو ہنر مند بنانے اور ان کی خداداد صلاحیتوں کو قومی ترقی کے لیے بروئے کار لانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے
حکومت نوجوانوں کو ہنر مند بنانے اور ان کی خداداد صلاحیتوں کو قومی ترقی کیلئے بروئے کار لانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے،رانا مشہود

مزید خبریں
کراچی۔ 24 اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اور چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود نے ہفتے کے روز نوجوانوں کو بااختیار بنانے، تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کرنے اور ٹیکنالوجی کے فروغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کو ہنر مند بنانے اور ان کی خداداد صلاحیتوں کو قومی ترقی کے لیے بروئے کار لانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔محمد علی جناح یونیورسٹی میں نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) کے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنی نوجوان آبادی کی صلاحیتوں اور استعداد سے بھرپور استفادہ کرنا چاہیے۔رانا مشہود نے یاد دلایا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے قیام پاکستان کے وقت ہر فرد کے لیے مساوی مواقع کا تصور پیش کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیم، ہنر اور ترقی کے شعبوں میں سب کو یکساں مواقع فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ وہ گزشتہ 30 برس سے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔تعلیمی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے دانش اسکولز قائم کیے گئے ہیں اور اس پروگرام کو ملک بھر میں وسعت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں پانچ دانش اسکول قائم کیے جا رہے ہیں، جبکہ ملک بھر میں مجموعی طور پر 30 اسکول قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ مستحق طلبہ کو وظائف فراہم کرنے کے لیے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ قائم کیا گیا تھا، جسے بعد ازاں قومی سطح پر طلبہ کی معاونت کے لیے پاکستان ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ میں تبدیل کر دیا گیا۔نوجوانوں کی ترقی سے متعلق اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم، پی ایم ڈیجیٹل یوتھ ہب اور نیوٹیک کے پروگراموں کا ذکر کیا اور نیوٹیک کے ہنرمندی کے فروغ کے اقدامات کو نوجوانوں کے لیے گیم چینجر قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی میں تیز رفتار ترقی دنیا کو تبدیل کر رہی ہے، اس لیے نوجوانوں کے لیے جدت، کاروباری صلاحیتوں اور ڈیجیٹل مہارتوں پر توجہ دینا ناگزیر ہے۔رانا مشہود نے پاکستان کی پہلی مصنوعی ذہانت (اے آئی )سے متعلق یکساں پالیسی متعارف کرانے اور ای اسپورٹس کے میدان قائم کرنے کے منصوبوں کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے دوہری ڈگری پروگراموں کے مواقع اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے دستیاب آن لائن کورسز کو بھی اجاگر کیا۔تعلیم اور ٹیکنالوجی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان بھر میں 18 ہزار لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا چکے ہیں اور یونیورسٹی کے طلبہ کو بھی لیپ ٹاپ فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک بھر کے اسکولوں میں ہر سال اڑھائی لاکھ کروم بک لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق اس پروگرام کا آغاز ایک روز قبل کیا گیا تھا۔انہوں نے پنجاب کے اسکولوں میں آئی ٹی لیبارٹریوں کے قیام کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ طلبہ کو جدید دنیا میں مقابلے کے قابل بنانے کے لیے ضروری ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔رانا مشہود نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ناکامیوں سے خوفزدہ نہ ہوں، کیونکہ ناکامیاں زندگی کا لازمی حصہ ہیں اور ان سے قیمتی سبق حاصل ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کامیابی کا کوئی شارٹ کٹ نہیں، نوجوان محنت کریں، جدت کو اپنائیں اور کاروباری سرگرمیوں کی جانب راغب ہوں۔وفاقی وزیر نے پاکستان کی قومی یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی متعارف کرانے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اور ان کی مہارتوں کی ترقی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم یوتھ پروگرام (PMYP) کے سندھ ریجن کے کوآرڈینیٹر فہد شفیق نے پاکستان بھر میں تعلیمی معیار بہتر بنانے اور نوجوانوں کے لیے مواقع بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کراچی اور پنجاب کے تعلیمی معیار کا تقابلی جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے تعلیمی سہولیات کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔فہد شفیق نے تعلیم اور ترقی کے شعبوں میں رانا مشہود کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ان کے لیے مواقع پیدا کرنے کے متعدد پروگرام شروع کیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کا آغاز 2013 میں ہوا تھا اور اس کے بعد سے نوجوانوں کی تعلیم، ہنرمندی، روزگار اور کاروبار کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات متعارف کرائے گئے ہیں۔فہد شفیق نے قومی ترقی کے لیے وفاقی حکومت کی کوششوں کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے تعلیم اور نوجوانوں پر مرکوز اقدامات کو مسلسل ترجیح دینا ضروری ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نیوٹیک سندھ ڈاکٹر فدا بزئی نے بھی خطاب کیا۔بعد ازاں محمد علی جناح یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے وفاقی وزیر اور چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔







