گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ کھیل انتہا پسندی کی سوچ کی روک تھام میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، اس دفعہ ہمیں موقع فراہم کریں کہ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب ہم منعقد کریں
کھیل انتہا پسندی کے خاتمے اور نوجوانوں کی مثبت تربیت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی

مزید خبریں
پشاور۔ 24 اکتوبر (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ کھیل انتہا پسندی کی سوچ کی روک تھام میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، اس دفعہ ہمیں موقع فراہم کریں کہ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب ہم منعقد کریں۔گورنر ہاؤس پشاور میں زلمی مدرسہ کرکٹ لیگ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ٹورنامنٹ کے انعقاد پر انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ کھیل انتہا پسندی کی سوچ کی روک تھام میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پولیس اور سکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیاں دی ہیں، جنہیں پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مدرسے کے طلباء بھی معاشرے کا حصہ ہیں اور ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مناسب سرپرستی فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا قدرتی وسائل سے مالامال صوبہ ہے، ہمارا عزم ہے کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ ہم کھیلوں کے میدان میں بہت پیچھے ہیں، اس لیے نوجوانوں کو کھیلوں سمیت دیگر مثبت سرگرمیوں اور آگے بڑھنے کے مواقع دینا ضروری ہے۔گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی اس دفعہ ہمیں موقع فراہم کریں کہ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب ہم منعقد کریں۔ ہم امن پسند قوم ہیں ،ہمارے صوبے کے لوگ امن کے خواہاں ہیں اور محنت سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ جب ہمارے ادارے مل کر کام کرتے ہیں تو دنیا کو ایک مثبت پیغام جاتا ہے۔ کھیلوں سے برداشت اور مقابلے کی قوت پیدا ہوتی ہے جبکہ کھیل نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔







