چھٹی حج کانفرنس اور نمائش سعودی عرب کے شہر جدہ میں جاری ہے ۔ چار روزہ کانفرنس اور نمائش میں سعودی عرب اور بیرونِ ملک سے 520 سےزیادہ سرکاری، نجی اور غیر منافع بخش ادارے اور 150 سے زیادہ ممالک کے نمائندے شریک ہیں
چھٹی حج کانفرنس اور نمائش جدہ میں جاری، 520 ادارے، 150 ممالک کے نمائندے شریک

مزید خبریں
جدہ۔10نومبر (اے پی پی):چھٹی حج کانفرنس اور نمائش سعودی عرب کے شہر جدہ میں جاری ہے ۔ چار روزہ کانفرنس اور نمائش میں سعودی عرب اور بیرونِ ملک سے 520 سےزیادہ سرکاری، نجی اور غیر منافع بخش ادارے اور 150 سے زیادہ ممالک کے نمائندے شریک ہیں۔ایس پی اے کے مطابق کانفرنس خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی سرپرستی میں منعقد ہو رہی ہے جس کا افتتاح نائب گورنر مکہ شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز نے کیا۔ کانفرنس اور نمائش سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ کے زیر اہتمام اور پِلگرم ایکسپیرینس پروگرام جو سعودی وژن 2030 کے اہداف کے حصول کے لیے بنائے گئے پروگراموں میں سے ایک ہے ،کے تعاون سے جدہ سپر ڈوم میں منعقد ہو رہی ہے۔ نائب گورنر مکہ شہزادہ سعود بن مشعل نے گزشتہ روز کانفرنس کے ساتھ منعقدہ نمائش کا دورہ کیا اور عازمینِ حج کی خدمت کے لیے تیار کردہ جدید ترین ٹیکنالوجیز، فلاحی و معلوماتی اقدامات اور سمارٹ حل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے نمائش میں موجود سرکاری، نجی اور غیر منافع بخش اداروں کے پویلینز کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی نمائندگی کرتے ہوئے تقریب سے خطاب کیا، جس میں انہوں نے شرکا کو ان کے دوسرے گھر، یعنی سعودی عرب میں خوش آمدید کہا اور خادم حرمین الشریفین کی جانب سے نیک خواہشات پہنچائیں۔خطاب میں کہا گیا کہ اللہ تعالیٰ کی توفیق اور رہنمائی سے، سعودی عرب حرمین شریفین اور عازمینِ حج کی خدمت کے لیے اپنی بابرکت کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور اس ذمہ داری کو اپنی ترجیحات میں سرِفہرست رکھتی ہے۔ مملکت حج کے نظام کو مسلسل ترقی دینے، خدمات کے معیار کو بہتر بنانے، جدید ترین ٹیکنالوجیز کے استعمال اور سرکاری اداروں کے مابین باہمی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ عازمینِ حج کو ان کے آبائی ممالک سے روانگی سے لے کر ان کی بحفاظت واپسی تک ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔ وزیر حج و عمرہ اور ’پِلگرم ایکسپیریئنس پروگرام کی کمیٹی کے چیئرمین توفیق الربیعہ نے اپنے خطاب میں حج و عمرہ کے نظام میں ہونے والی اہم پیش رفت کا جائزہ پیش کیا۔ان اقدامات میں مسابقت کو مضبوط بنانا اور بین الاقوامی زائرین کے لیے خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کی تعداد بڑھا کر 34 کرنا، 58 ممالک میں براہ راست معاہدوں کے نظام کو وسعت دینا، مزید 75 ممالک کے زائرین کو ڈائریکٹ حج پروگرام کے ذریعے حج کی سعادت حاصل کرنے کے قابل بنانا اور 78 ممالک میں زائرین کے امور کے دفاتر کے ساتھ مل کر 1448 ہجری کے حج سیزن کے لیے قبل از وقت تیاریوں کا آغاز کرنا شامل ہے۔توفیق الربیعہ نے مقدس مقامات اور نقل و حمل کی خدمات میں کی گئی بہتریوں کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل تبدیلی (ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن) کے ان اقدامات پر بھی روشنی ڈالی، جن کی بدولت ’’نسک‘‘پلیٹ فارم اور ایپلی کیشن کے صارفین کی تعداد 7 کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ 1447 ہجری کے حج سیزن کے دوران زائرین کے اطمینان کی شرح 93 فیصد تک پہنچ گئی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ’’حج کانفرنس اور نمائش‘‘ اب قبل از وقت تیاریوں، شراکت داری کے فروغ، معاہدوں کو حتمی شکل دینے اور خدمات میں بہتری لانے کے لیے ایک عالمی پلیٹ فارم بن چکی ہے۔افتتاحی تقریب میں زائرین کے امور کے دفاتر کے سربراہان کی جانب سے انڈونیشیا کے وزیر حج و عمرہ، ڈاکٹر محمد عرفان یوسف نے خطاب کیا۔ اس موقع پر ’’آگاہی اور تربیتی فورم‘‘ کا آغاز کیا گیا اور کارکنوں کے لیے ایک مشترکہ پورٹل بھی متعارف کرایا گیا۔تقریب کے دوران، شہزادہ سعود کی موجودگی میں آٹھ معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ان معاہدوں میں وزارت حج و عمرہ اور وزارت تعلیم کے درمیان ایک تعاون کا معاہدہ شامل ہے جس کا مقصد تعلیمی شعبے کے عملے کو زائرین کی خدمت میں شامل کرنا ہے، وزارت حج و عمرہ اور وزارت سیاحت کے درمیان مکہ اور مدینہ میں رہائشی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کا معاہدہ، وزارت اور سعودیہ ایئر لائنزکے درمیان مکہ میں زائرین کے لیے ایک ٹریول ٹرمینل کے قیام اور آپریشن سے متعلق مفاہمت کی یادداشت، اور وزارت اور کنگ عبداللہ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے درمیان زائرین کی خدمات کے شعبے میں صلاحیتوں کو نکھارنے، تحقیق اور جدت طرازی کے لیے تعاون کا معاہدہ شامل ہے۔ان معاہدوں میں کنگ عبدالعزیز انڈومنٹ فار العین العزیزیہ اور حاجی و معتمر گفٹ چیریٹیبل ایسوسی ایشن کے درمیان حرمین شریفین اور دیگر مقدس مقامات پر زائرین کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے ایک مفاہمت کی یادداشت بھی شامل تھی۔جنرل اتھارٹی برائے اوقاف، حجاج کے تجربے کے پروگرام، اور نسوک ہیومینٹیرین فاؤنڈیشن کے درمیان ایک سٹریٹجک پارٹنرشپ کے معاہدے پر دستخط کیے گئے ۔جنرل اتھارٹی برائے اوقاف اور نسوک ہیومینٹیرین فاؤنڈیشن کے درمیان شراکت داری کے ایک اور معاہدے پر دستخط کیے گئے۔آٹھواں معاہدہ واصل الحرم منصوبے سے متعلق تھا، جس پر رائل کمیشن برائے مکہ شہر و مقدس اور نجی شعبے کے دو کنسورشیمز کے درمیان دستخط کیے گئے۔ 5.6 ارب سعودی ریال مالیت کے اس منصوبے کا مقصد مسجد الحرام تک جانے اور وہاں سے واپس آنے کے لیے سٹیشنز اور راستوں کو تیار کرنا، نیز نجی شعبے کے تعاون سے فراہم کردہ خدمات کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔تقریب کے اختتام پر، شہزادہ سعود نے کانفرنس میں حصہ لینے والے اداروں اور شراکت داروں کو اعزاز ات دیئے۔ کانفرنس کا مقصد حج سیزن کی قبل از وقت تیاریوں میں معاونت کرنا، خدمات کے معیار کو بہتر بنانا اور ایسی شراکت داریاں اور حل وضع کرنا ہے جو عازمین کے تجربے کو مزید بہتر بنائیں۔







