عالمی منڈیوں تک رسائی کو برقرار رکھنا حکومت کی پہلی ترجیح ہونی چاہیے،میاں کاشف اشفاق

پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ جی ایس پی پلس اور ڈویلپنگ کنٹریز ٹریڈنگ سکیم نے پاکستان کی معاشی نمو میں اہم کردار ادا کیا ہے

لاہور۔15نومبر (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ جی ایس پی پلس اور ڈویلپنگ کنٹریز ٹریڈنگ سکیم نے پاکستان کی معاشی نمو میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان تجارتی معاہدوں کے تحت عالمی منڈیوں تک زیادہ سے زیادہ رسائی کو برقرار رکھنا حکومت کی پہلی ترجیح ہونی چاہیے تاکہ ملکی برآمدات میں اضافہ اور پائیدار اقتصادی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔ پاکستان فرنیچر کونسل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ان قیمتی تجارتی ترجیحات کو ضائع کرنے کا متحمل نہیں ہو سکتا جو ہمارے برآمد کنندگان کو دنیا کی بڑی منڈیوں تک آسان رسائی فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ روایتی منڈیوں پر انحصار کرنے کے بجائے ایک فعال اور متنوع تجارتی سفارت کاری کی حکمت عملی اپنائے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کے ساتھ جاری تجارتی مذاکرات کے دوران کپاس سے منسلک کوٹہ حاصل کرنے پر توجہ دی جائے، جبکہ برطانیہ کی ڈی سی ٹی ایس سکیم کی مستقبل کی شرائط پر واضح ضمانتیں حاصل کی جائیں اور ساتھ ہی برطانیہ کے ساتھ آزادانہ تجارت کے معاہدے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے۔ میاں کاشف اشفاق نے جاپان اور آسیان ممالک کے ساتھ فوری رابطوں کی ضرورت پر زور دیا تاکہ پاکستان کی برآمدات کے لیے نئی منڈیاں کھل سکیں اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کیا جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے جنوبی کوریا اور تھائی لینڈ کے ساتھ تجارتی مذاکرات کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے جی سی سی تجارتی معاہدے کی موثر عملداری پر بھی زور دیا تاکہ خلیجی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کے لیے بہترین مواقع پیدا کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ افریقہ کی ابھرتی ہوئی منڈیوں کو طویل المدتی تجارتی حکمت عملی کے ذریعے ہدف بنایا جائے۔ نیز، مرکوسر ممالک جو جنوبی امریکہ کا ایک بڑا تجارتی اور اقتصادی بلاک ہے ، کے ساتھ مذاکرات میں پاکستان کی کپاس کی خریداری کو بطورتجارتی ہتھیار استعمال کیا جائے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ تجارتی معاہدوں کو حقیقی برآمدی نمو، زرمبادلہ کی کمائی اور روزگار کے نئے مواقع میں بدلنے کے لیے حکومت، برآمد کنندگان اور سفارتی مشنز کے درمیان باہمی تعاون انتہائی ضروری ہے۔