پاکستان سٹیل ملز کو دوبارہ فعال کیا جا سکتا ہے ،وفاقی ٹیکس کوآرڈینیٹر

وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمن نے کہا ہے کہ دانشمندانہ منصوبہ بندی کے ذریعے پاکستان سٹیل ملز کو نہ صرف ایک سٹیل پروڈیوسر کے طور پر دوبارہ فعال کیا جا سکتا ہے

لاہور۔15نومبر (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمن نے کہا ہے کہ دانشمندانہ منصوبہ بندی کے ذریعے پاکستان سٹیل ملز کو نہ صرف ایک سٹیل پروڈیوسر کے طور پر دوبارہ فعال کیا جا سکتا ہے بلکہ اسے قومی صنعت کاری کے سنگ بنیاد کے طور پر بھی بحال کیا جا سکتا ہے، جس سے درآمدی انحصار میں کمی اور مقامی مینوفیکچرنگ کی بنیاد مضبوط ہوگی۔ میاں ضیا آفتاب آرائیں کی قیادت میں صنعت کاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سٹیل ملز کی کامیاب بحالی سے درآمدی سٹیل اور سکریپ پر ملک کا انحصار نمایاں حد تک کم ہو گا، قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی اور ڈائون سٹریم انڈسٹریز کو خام مال کی فراہمی ممکن بنے گی۔ اس سے مناسب قیمتوں پر مقامی سٹیل کی فراہمی یقینی بنا کر انجینئرنگ، کنسٹرکشن اور مینوفیکچرنگ سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ سیف الرحمن نے زور دیا کہ بحالی کا منصوبہ محض پرانے ڈھانچے کو بحال کرنے کے بجائے جدید ٹیکنالوجی، توانائیمیں بچت اور شفاف گورننس پر مبنی ہونا چاہیے۔ انہوں نے پرائیویٹ سیکٹر کی شمولیت اور جامع فزیبلٹی اسٹڈی پر زور دیا۔آخر میں انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ سٹیل ملز کو ایک حکمت عملی پر مبنی اثاثہ سمجھے اور پائیدار اقتصادی ترقی کی بنیاد رکھنے کے لیے ایک وقت مقررہ پر مبنی روڈ میپ تشکیل دے۔