پاکستان اور ترکیہ نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ، دفاعی تعاون کو وسعت دینے، سائبر سکیورٹی کے شعبے میں اشتراک بڑھانے اور گمراہ کن معلومات کے تدارک کے لئے ادارہ جاتی تعاون مضبوط بنانے پر زور دیا ہے
پاکستان اور ترکیہ کا علاقائی امن و استحکام کے فروغ، دفاعی تعاون کو وسعت دینے، سائبر سکیورٹی کے شعبے میں اشتراک بڑھانے اور گمراہ کن معلومات کے تدارک کے لئے ادارہ جاتی تعاون مضبوط بنانے پر زور

مزید خبریں
اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):پاکستان اور ترکیہ نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ، دفاعی تعاون کو وسعت دینے، سائبر سکیورٹی کے شعبے میں اشتراک بڑھانے اور گمراہ کن معلومات کے تدارک کے لئے ادارہ جاتی تعاون مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔ دونوں ممالک نے سٹریٹجک مواصلات کے شعبے میں دوطرفہ معاہدے اور مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی ہے۔انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) کے سینٹر فار افغانستان، مڈل ایسٹ اینڈ افریقہ (کیمیا) نے جمہوریہ ترکیہ کے ایوانِ صدر کے ڈائریکٹوریٹ آف کمیونیکیشنز اور اسلام آباد میں ترک سفارتخانے کے اشتراک سے جمعرات کو ’’علاقائی سلامتی کے ڈھانچے کی تشکیلِ نو: پاکستان اور ترکیہ کے تناظر میں سٹریٹجک شراکت داری اور کثیرالجہتی تعاون‘‘ کے عنوان سے سٹریٹجک کمیونیکیشنز (سٹریٹ کام) پبلک فورم اور راؤنڈ ٹیبل کا انعقاد کیا۔تقریب کے افتتاحی کلمات میں آئی ایس ایس آئی کے چیئرمین بورڈ آف گورنرز سفیر خالد محمود نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور سٹریٹجک تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک دفاع، سلامتی، تجارت، ٹیکنالوجی اور علاقائی رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے علاقائی امن، استحکام اور متوازن عالمی نظام کے فروغ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان مضبوط اور منفرد روابط کو دوطرفہ تعلقات کی بنیاد قرار دیا۔
انہوں نے گمراہ کن معلومات کے تدارک، معلوماتی نظام کی مضبوطی اور پاکستان کے ساتھ بڑھتے ہوئے تجارتی تعلقات اور ترک سرمایہ کاری سے پیدا ہونے والے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔صدرِ ترکیہ کے ڈائریکٹوریٹ آف کمیونیکیشنز کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر برہان الدین دوران نے جغرافیائی سیاسی اور تکنیکی تبدیلیوں کے تناظر میں سٹریٹجک کمیونیکیشنز کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے گمراہ کن معلومات اور ڈیجیٹل ذرائع سے رائے عامہ پر اثرانداز ہونے کے چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے عالمی تعاون، معلومات کی درستگی اور عوامی اعتماد کو ناگزیر قرار دیا۔انہوں نے مکالمے کے فروغ اور معاشرتی سطح پر مزاحمت و استحکام پیدا کرنے میں سٹریٹ کام سمٹ کے کردار کو بھی اجاگر کیا۔ بعد ازاں ترک نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبر ڈاکٹر حیاتِی اُنلو کی زیرِ صدارت پینل مباحثہ ہوا۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے پاکستان اور ترکیہ کی دیرینہ شراکت داری کو اجاگر کرتے ہوئے گمراہ کن معلومات اور ڈیجیٹل خطرات کا مقابلہ کرنے کے لئے سٹریٹجک کمیونیکیشنز کے شعبے میں ادارہ جاتی تعاون پر زور دیا۔انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک کمیونیکیشنز کے حوالے سے دوطرفہ معاہدے اور سرکاری اداروں، جامعات اور تھنک ٹینکس پر مشتمل مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کی تجویز پیش کی۔
ترکیہ کے سابق وزیر دفاع فکری اشک نے ہائبرڈ خطرات، سائبر حملوں اور تکنیکی مسابقت کے خلاف دوطرفہ تعاون تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ روایتی دفاعی تعاون سے آگے بڑھ کر مشترکہ تحقیق، ترقی اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں اشتراک بڑھایا جائے جبکہ ادارہ جاتی روابط اور جامع علاقائی سلامتی کی شراکت داری کو بھی مضبوط بنایا جائے۔ترک پارلیمنٹ کے رکن اور یورپی یونین ہم آہنگی کمیٹی کے چیئرمین برہان کایاترک نے دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات اور باہمی یکجہتی کو سراہا۔انہوں نے اقتصادی تعاون میں اضافے اور دوطرفہ تجارت کا حجم پانچ ارب ڈالر تک پہنچانے کے ہدف کے حصول پر زور دیا۔انہوں نے علاقائی سلامتی اور اجتماعی تعاون کے فروغ میں مکہ معاہدے کی اہمیت بھی اجاگر کی۔وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے سیکرٹری ضرار ہاشم خان نے سائبر حملوں، گمراہ کن معلومات اور اہم معلوماتی ڈھانچے کو لاحق خطرات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ معاہدے کے ذریعے سائبر سکیورٹی تعاون کو ادارہ جاتی شکل دینے، ڈیجیٹل رابطوں اور بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور مستقل مکالمے و رابطہ کاری کے نظام کے قیام پر زور دیا۔صدرِ ترکیہ کی سکیورٹی اور خارجہ پالیسی کونسل کے رکن پروفیسر محی الدین آتمان نے پاکستان اور ترکیہ کو ابھرتے ہوئے علاقائی سلامتی کے نظام کے اہم ستون قرار دیا۔
انہوں نے مکہ معاہدے سمیت علاقائی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے علاقائی تعاون،باہمی تکمیل،سٹریٹجک خودمختاری اور علاقائی سطح پر اپنی ذمہ داریوں کے تعین کو دیرپا امن و استحکام کے لئے ضروری قرار دیا،اس سے قبل ’’تبدیل ہوتے ہوئے علاقائی سلامتی کے نظام میں ترکیہ اور پاکستان: عالمی بحرانوں کے دور میں سٹریٹجک تعاون‘‘ کے عنوان سے بند کمرے میں اسٹریٹ کام راؤنڈ ٹیبل کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں دونوں ممالک کے اعلیٰ پالیسی سازوں، سفارتکاروں، سکیورٹی ماہرین اور ماہرین تعلیم نے شرکت کی۔راؤنڈ ٹیبل کے افتتاحی کلمات میں صدرِ ترکیہ کے ڈائریکٹوریٹ آف کمیونیکیشنز کے ڈپٹی ہیڈ پروفیسر فرحت پیرنچی نے ہائبرڈ خطرات، سائبر حملوں، دہشت گردی اور گمراہ کن معلومات کے خلاف تعاون بڑھانے پر زور دیا۔آئی ایس ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل سفیر معین الحق نے پاکستان اور ترکیہ کی دیرینہ سٹریٹجک شراکت داری کو اجاگر کرتے ہوئے دفاع، جدید ٹیکنالوجی اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔کیمیا کی ڈائریکٹر ڈاکٹر آمنہ خان نے مباحثے کی نظامت کرتے ہوئے بدلتی ہوئی علاقائی سلامتی کی صورتحال میں مسلسل مکالمے، قریبی رابطہ کاری اور پاکستان و ترکیہ کے درمیان مضبوط تعاون کی اہمیت اجاگر کی۔
راؤنڈ ٹیبل میں بدلتے ہوئے علاقائی سلامتی کے نظام بالخصوص مکہ معاہدے، اجتماعی سلامتی اور علاقائی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔شرکاء نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لئے سائبر سکیورٹی، سٹریٹجک کمیونیکیشنز، اقتصادی روابط اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔







